چینیوٹ/لاہور : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو پہلی بار پنجاب میں عوام کے سامنے جاکر سیلاب سے متاثرہ ضلع چینیوٹ کا دورہ کیا اور اپنی جماعت کی جانب سے متاثرہ افراد کی بحالی نو کے لیے مہم چلانے کا اعلان کیا۔

ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے چینیوٹ پہنچنے والے نوجوان بھٹو نے گھنٹوں تک پانی میں ڈوبے علاقوں میں پیدل دورہ کرکے متاثرہ افراد تک رسائی حاصل کی اور ان میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

انہوں نے سیلابی پانیوں سے متاثر ہونے والے افراد کو بتایا کہ وہ یہاں ان کی مشکلات کو بانٹنے کے لیے آئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا"پی پی پی متاثرہ افراد کی بحالی نو کے لیے ایک مہم شروع کرے گی"۔

انہوں نے راجوا سعادت گاﺅں کا دورہ بھی کیا جہاں پارٹی ورکرز اپنے رہنماءکا بے تابی سے انتظار کررہے تھے جو پنجاب میں پہلی بار عوامی سطح پر دورے پر نکلے ہیں۔

بلاول نے پارٹی ورکرز پر زور دیا کہ وہ ہر ممکن طریقے سے سیلاب متاثرین کی امداد کریں۔

انہوں نے کہا"یہ ذوالفقار علی بھٹو اور میری شہید ماں بے نظیر بھٹو کا مشن ہے کہ بحران میں مبتلا افراد کی مدد کی جائے"۔

بلاول کے ہمراہ سنیئر پارٹی رہنماءراجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ، منظور احمد وٹو، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان اور راجہ ریاض بھی تھے۔

بعد ازان وہ لاہور میں اپنی رہائشگاہ بلاول ہاﺅس پہنچے اور پارٹی رہنماﺅں کے لیے عشائیے کی میزبانی کی۔

تمام ضلعی صدور، مختلف ونگز کے سربراہان، پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق وزراءاور سابق صوبائی پارٹی صدور کو اس عشائیے کے لیے بلاول ہاﺅس مدعو کیا گیا تھا۔

پی پی پی یوھ ونگ نے پارٹی چیئرمین سے درخواست کی کہ وہ بلاول ہاﺅس میں ورکرز سے خطاب کریں۔

ایک رہنماءنے ڈان کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے چینیوٹ اور لاہور کے دوروں کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو سیکیورٹی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین جمعے کو ملتان جا کر سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔

رہنماءکے مطابق پیپلزپارٹی اب تک پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان سے بھرے تیس ٹرک بھجوا چکی ہے۔

پی پی پی پنجاب کے صدر منظور وٹو نے بتایا کہ امدادی سامان سے بھرے پانچ سو ٹرک پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ اضلاع میں بھیجے جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پانچ کروڑ روپے کی لاگت کے خیمے بھی فوری طور پر خریدنے کی ہدایت کی تاکہ متاثرہ افراد کو عارضی رہائش گاہیں فراہم کی جاسکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں