ملک میں پولیو کے مزید چھ کیسز کی تصدیق

19 ستمبر 2014
پولیو کا شکار ایک بچہ— فائل فوٹو
پولیو کا شکار ایک بچہ— فائل فوٹو

اسلام آباد : اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت کی پولیو وائرولوجی لیبارٹری نے جمعرات کو ملک میں پولیو کے مزید چھ کیسز کی تصدیق کردی جس کے بعد یہ تعداد رواں برس کے دوران 164 تک جاپہنچی ہے۔

جن بچوں میں اس زندگی بھر کے لیے معذور بنا دینے والے مرض کی تصدیق ہوئی اس میں خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کی تیرہ ماہ کی میرا آکا خیل شامل ہے، جبکہ دیگر میں خیبرایجنسی کے ہی ایک آٹھ ماہ کا بچہ، جنوبی وزیرستان کی تحصیل رزمک کا بارہ ماہ کا بچہ، جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کی سات ماہ کی بچی، کراچی کے گڈاپ ٹاﺅن کے میرمحمد گوٹھ کا دس ماہ کا بچہ اور کراچی کے ہی علاقے اورنگی ٹاﺅن کی بائیس ماہ کی بچی شامل ہیں۔

وزیراعظم کے پولیو مانیٹرنگ سیل کے ایک عہدیدار نے بتایا" فاٹا میں سامنے آنے والے پولیو کے شکار چاروں بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی نہیں ہوسکی تھی جس کی وجہ طالبان کی جانب سے جون 2012 میں ان مہموں پر پابندی عائد کرنا تھی، جبکہ کراچی میں والدین نے دونوں بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کردیا تھا"۔

یہ نئے کیسز اس وقت سامنے آئے ہیں جب دو روز قبل یعنی منگل کو ملک بھر میں ایک ہی دن میں پولیو کے تیرہ کیس سامنے آئے تھے۔

ان تیرہ کیسز میں سات کیس فاٹا، تین خیبر پختونخوا اور سندھ، پنجاب اور صوبہ بلوچستان میں ایک ایک کیس سامنے آیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں