ہندوستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اور دنیا بھر میں اس کی فلمی صنعت المعروف بولی وڈ کی دھوم ہے، جہاں اب نئے پاکستانی اداکار تیزی سے ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں عمران عباس اور حمیمہ ملک نے وہاں اپنی قسمت آزمائی تاہم ان کی اولین کوشش بظاہر کچھ زیادہ کامیاب نظر نہیں آتی اور اب باری ہے پاکستانی ٹی وی اسکرین کے سپر اسٹار فواد خان کی جو 'خوبصورت' کے ذریعے آج دنیا کی دوسری بڑی فلمی صنعت میں اپنے آپ کے منوانے کی کوشش کریں گے۔

ان کے اس سفر کے بارے میں بہت کچھ سامنے آرہا ہے مگر اسے یاد رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے تو ان کے اس فلمی سفر کی اولین زینے کی مختلف کڑیاں حاضر خدمت ہیں جو فواد خان کے پرستاروں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

فواد کا شمار ایسے ہی فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹی وی ڈراموں میں اپنے گڈ لکس اور ایکٹنگ ٹیلنٹ کی بدولت کامیابی سمیٹی اور اب بولی وڈ میں بھی زوردار انٹری کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انیل کپور پروڈکشنز کے تحت بنائی گئی فلم ‘خوبصورت’ میں فواد سونم کپور کے ہیرو ہیں، فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ فلم کے ہٹ ہونے کے امکانات کافی روشن ہیں۔

اس فلم میں پاکستان کی چھوٹی سکرین کے سپر سٹار فواد خان نے پروقار شہزادے کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ سونم شوخ و چلبلی اور بے فکر لڑکی کے روپ میں نظر آئیں گی۔ مجموعی طور پر سونم نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر خود کو فیشن کوئین منوا ہی لیا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں فواد اپنے کرتا پاجامے میں مدبر اور منظم شخصیت کے حامل نظر آ رہے ہیں اور ہر پہلو سے شہزادے ہی محسوس ہو رہے ہیں۔

والٹ ڈزنی پکچرز اور انیل کپور فلم کمپنی کی پروڈیوس کردہ رومینٹک کامیڈی 'خوبصورت' کو ڈائریکٹ کیا ہے ششانک گھوش نے جو 19 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

خوبصورت 1980 میں اس وقت کے نہایت مشہور فلم میکر رشی کیش مکھرجی کی اسی نام سے بننے والی فلم کا ری میک ہے جس نے اپنے دور میں بہترین فلم کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ اس فلم میں ریکھا، اشوک کمار اور راکیش روشن نے نمایاں کردار ادا کئے تھے۔ یہ تینوں اداکار ہندی فلموں کی تاریخ کا سنہری اور سدا بہار نام ہیں۔ تاہم ری میک ‘خوبصورت’ کی ڈائریکشن کا ذمہ ششانک گھوش نے اٹھایا ہے، پروڈیوسر ہیں سدھارتھ رائے کپور یعنی ودیا بالن کے پتی دیو جبکہ فواد خان راکیش روشن والا رول ادا کریں گے۔

فلم
فلم 'خوبصورت' کا سکرین شاٹ

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی رومینٹک ہونے کے ساتھ ساتھ کامیڈی کا رنگ بھی لئے ہوئے ہے جس میں کرن کھیر، رتنا پاٹھک اور ادیتی راﺅ حیدری نے بھی اداکاری کے خوب جوہر دکھائے ہیں۔ بولی وڈ کی مساکلی سونم نے 'خوبصورت' میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے فزیو تھراپی کی کلاسیں لیں۔ انہوں نے ممبئی میں واقع اپنی فزیو تھراپسٹ دوست کے کلینک میں طویل وقت گزارا۔ دو ماہ تک کلینک میں اپنی دوست کے ہمراہ مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔

خوبصورت کا فیس بک پر پیج کیا لانچ ہوا، 48 گھنٹوں کے اندر اندر ہی خواتین فینز کے فواد کیلئے پسندیدگی سے بھرے پیغامات کی بھرمار ہوگئی، جس کی وجہ ایک ہندی چینل پر ان کے ڈرامے 'زندگی گلزار ہے' کی سپر ہٹ کامیابی ثابت ہوئی۔

دوسری طرف خود فواد 'کپور فیملی' کے گن گا گا کر نہیں تھک رہے۔ ایک ہندوستانی میگزین نے فواد کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنی غیر معمولی پذیرائی پر خوش بھی ہیں اور کپورز، خصوصاً سونم کے شکر گزار بھی۔ فواد کہتے ہیں 'انیل کپور صاحب، ریہا اور سونم سب نے مجھ سے ایسا برتاﺅ کیا جیسے میں ان کے خاندان کا ہی ایک فرد ہوں۔ نئی جگہ، نئے ماحول میں آدمی محتاط بھی ہوتا ہے اور مانوس ہونے میں بھی وقت لگتا ہے لیکن، کپور فیملی نے اجنبیت کا احساس نہیں ہونے دیا۔

مسٹر پرفیکٹ عامر خان بھی فواد کے پرستار

فواد کہتے ہیں کہ گو کہ انہیں اداکاری کرتے ہوئے کئی برس ہوگئے ہیں لیکن وہ اب تک شہرت کے عادی نہیں ہو سکے اور آج بھی جب لڑکیاں ان کی تعریف کرتی ہیں تو وہ شرما جاتے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے صرف ایک ہی لڑکی سے محبت کی ہے اور وہ ان کی موجودہ بیوی صدف ہیں جن سے انہوں نے اس وقت اظہار محبت کیا تھا جب وہ 17 برس جبکہ صدف 16 برس کی تھیں۔

فواد پرانے زمانے کے رومانس کے قائل

فواد کو پاکستانی سوشل میڈیا میں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہندوستان میں ان دنوں ان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے 'خدا کیلئے' جیسی فلم، 'زندگی گلزار ہے' اور 'ہمسفر' جیسی ٹی وی سیریلز سے بے پناہ شہرت پانے والے فواد کا ماننا ہے 'خوبصورت' بولی وڈ کی ایک اچھوتی فلم کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

چھوٹی اسکرین پر یادگار کرداروں سے شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے فواد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ٹیلی ویژن سے عارضی طور پر دوری اختیار کرلی ہے اور سلور اسکرین ان کی توجہ کا مرکز ہوگی۔

فواد خان کی کرینہ کپور کے ساتھ فلم سائن کرنے کی تردید

انڈیا میں پاکستانی ڈراموں کو ٹی وی سے پیش کئے جانے کا سلسلہ صرف ایک، دو ماہ ہی پرانا ہے، لیکن اس قلیل مدت میں پاکستانی ڈرامہ سیریلز نے اس قدر ہلچل مچا دی ہے کہ عام ناظرین گویا ان ڈراموں کے دیوانے ہوگئے ہیں، جبکہ انڈین میڈیا کمپنیز کے درمیان منہ مانگی قیمتوں پر پاکستانی ڈراموں کو خریدنے کی دوڑ لگ گئی ہے۔

ڈرامہ سیریل
ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' — فائل فوٹو

کچھ کا خیال ہے کہ پاکستانی سیریلز ہندوستان کے رٹے پٹے ساس بہو کے ڈراموں کیلئے سنجیدہ خطرہ ہیں۔ گزشتہ ماہ جس سیریل نے وہاں کامیابی کے نئے ریکارڈز بنائے وہ 'زندگی گلزار ہے'۔

پاکستانی ڈراموں کی دھوم اور فواد خان کی مقبولیت

اب بات ہوجائے 'خوبصورت' کی ہیروئن سونم کپور جو بولی وڈ میں فیشن آئیکون کا خطاب رکھتی ہیں نے ’خوبصورت' کی کہانی کو مکمل طور پر تبدیل کردیا گیا ہے اور امید ہے کہ نئی کہانی آج کل کی لڑکیوں کو ضرور پسند آئے گی۔ فلم کا اصل مقصد اس کے کرداروں کو بہتر انداز میں نبھانا ہے ریکھا جیسی 10 فیصد بھی اداکاری کر پائی تو یہ میرے لئے باعث فخر بات ہوگی۔

— پبلسٹی فوٹو
— پبلسٹی فوٹو

سونم اور فواد کے درمیان قدر مشترک

اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ ہمارا اشارہ دونوں اداکاروں کے پنجابی خاندانی پس منظر کی طرف ہے تو آپ بالکل غلط سوچ رہے ہیں، دراصل یہ دونوں اداکار ذیابیطس یعنی شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

فواد کہتے ہیں 'مجھے کم عمری ہی میں شوگر ہوگئی تھی مگر میں نے اسے اپنی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ بلکہ اس کی وجہ سے میں اپنا ہر کام زیادہ منصوبہ بندی اور نظم و ضبط کے ساتھ کرتا ہوں'۔ دوسری جانب سونم یہ تسلیم کرتی ہیں کہ 'بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ میں ذیابیطس کی مریضہ ہوں۔ میں باقاعدگی سے انسولین لیتی ہوں اور غذا میں احتیاط کرتی ہوں انسولین اور غذائی احتیاط ہی نے مجھے پیشہ ورانہ زندگی کے ان برسوں میں چاق و چوبند رکھا ہے۔

فواد اور سونم سلور سکرین سے زیادہ حقیقی زندگی کے ہیرو ہیں جو بڑی دلیری کے ساتھ اس لاعلاج مرض سے لڑتے آرہے ہیں۔

مقبول ترین انڈین میگزین پر فواد خان کے جلوے

یہ فواد خان کی مردانہ وجاہت ہے، یا 'زندگی گلزار ہے' اور 'ہمسفر' میں یادگار اداکاری یا پھر 'خوبصورت' میں شہزادے کا کردار جس نے سب کو اسیر کرلیا ہے، مگر اتنا ضرور معلوم ہے کہ یہ اداکار بولی وڈ کو فتح کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Ms Lashari Sep 22, 2014 11:03am
Sorry to say but it is very boring, slow and baseless movie. Very weak acting performance . Sonam kapoor didn't suit to the assigned role. and even the story was not powerful. Simply time wasting...