نیند کی کمی 8 سنگین خطرات کا باعث

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2016
—ااے ایف پی فائل فوٹو
—ااے ایف پی فائل فوٹو

نیویارک : نیند کی کمی کے فوری اثرات تو توجہ مرکوز کرنے سے محرمی اور بیزاری کی صورت میں نکلتے ہیں جبکہ آپ زیادہ جذباتی اور سست بھی ہوجاتے ہیں اور ایک رات کی اچھی نیند ان مسائل سے نجات بھی دلا دیتی ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اوسط دورانیے یعنی 7 گھنٹے کی نیند صرف ایک ہفتے تک نہ لینے سے آپ کو کیا خطرات لاحق ہوسکتے ہیں؟

یہ بات درست ہے کہ ایک رات کی نیند کی کمی سے کوئی سنگین خطرہ لاحق نہیں ہوتا مگر ایک ہفتے کی کمی 700 سے زائد جنیاتی تبدیلیوں کا باعث بن جاتی ہے اور اس کے علاوہ چند دیگر سنگین خطرات کے بارے میں جانیے جو آپ کی نیند اڑانے کی بجائے بستر پر جانے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

فالج کا خطرہ

ایک تحقیق کے مطابق بغیر کسی روایتی خطرے جیسے موٹاپے یا خاندانی تاریخ کے علاوہ بھی نیند کی کمی بھی فالج کا خطرہ بڑھا دیتی ہے، تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ 6 گھنٹے سے کم نیند کو معمول بنالیتے ہیں ان میں فالج کا خطرہ چار گنا تک بڑھ جاتا ہے۔

موٹاپے کا امکان

بہت کم نیند لوگوں کے اندر جنک فوڈ یا موٹاپے کا باعث بننے والی خوراک کا استعمال بڑھا دیتا ہے، جس کی وجہ نیند پوری نہ کرنے کے باعث جسم کے جنیاتی نظام میں آنے والی تبدیلیاں ہوتی ہیں، 6 گھنٹے یا اس سے کم نیند کی عادت سے بھوک کا باعث بننے والے ہارمون میں تبدیلی آتی ہے اور آپ کے لیے محدود مقدار میں غذا استعمال کرنا ناممکن ہوجاتا ہے۔

ذیابیطس کا خطرہ

ایک تحقیق کے مطابق نیند کی کمی اور انسولین میں مزاحمت کے درمیان تعلق مووجد ہے جو کہ ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے والا بڑا سبب ہے، نیند کی کمی کے شکار افراد میں انسولین کی مزاحمت بہت زیادہ ہوتی ہے جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ جسم انسولین کو موثر طریقے سے استعمال نہیں کرپاتا، جس کا نتیجہ صاف ظاہر ہے ذیابیطس کے مرض کی شکل میں ہی نکلتا ہے۔

یاداشت میں کمی

آپ غور کریں تو معلوم ہوگا جن دنوں میں آپ زیادہ تھکے ہوئے ہوتے ہیں چیزوں کو زیادہ بھولتے بھی ہیں، تاہم نیند کی کمی یاداشت کی اس کمزوری کو مستقل مسئلہ بنادیتی ہے۔ آپ کی نیند میں جتنی کمی ہوگی یاداشت کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بھی اتنی ہی گھٹ جائے گی۔

ہڈیوں کی کمزوری

کم از کم چوہوں پر ہونے والے تجربات میں نیند کی کمی اور ہڈیوں کی کمزوری کے درمیان تعلق پایا گیا ہے، انسانوں میں اسکا تجربہ تو نہیں ہوا مگر نیند کی کمی سے ایسا ہونے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

کینسر کا خطرہ

ایک تحقیق کے مطابق کم اور خراب نیند سے مخصوص اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر 6 گھنٹے سے کم کی نیند سے بریسٹ کینسر اور دیگر کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

دل کی تکلیف

نیند کی کمی سے پیدا ہونے والا تناﺅ جسم میں ایسے کیمیکلز اور ہارمونز کی پیدوار بھی بڑھا دیتا ہے جو امراض قلب کا سبب بن سکتے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق رات میں 6 یا اس سے کم گھنٹوں کی نیند سے امراض قلب میں مبتلا ہونے یا اس سے موت کا خطرہ 48 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ہلاکت کا سبب

صرف دل کے مسائل ہی نیند کی کمی سے ہلاکت کا سبب بنتے، درحقیقت نیند کی کمی کم عمری میں کسی بھی وجہ سے ہلاکت کا سبب بن سکتی ہے، ایک تحقیق کے مطابق کم نیند لینے والے مردوں میں اگلے 14 برس میں کسی بھی بیماری سے ہلاکت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں