آفریدی سےاختلاف نہیں،ورلڈکپ کی تیاری میں مصروف ہیں، وقاریونس

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2014
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس،شاہد آفریدی۔۔۔ فوٹو۔۔۔رائٹرز
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس،شاہد آفریدی۔۔۔ فوٹو۔۔۔رائٹرز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی سے اب کوئی اختلاف نہیں ہے، سعید اجمل اگر ورلڈ کپ تک کلییئر نہ ہوئے تو مزید باولر تیار کرنے ہوں گے۔

ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل ایک اچھے باولر ہیں، ایسے باولر قدرت کی طرف سے کبھی کبھی آتے ہیں، نئے اسپن باولرز کی تیاری پر نظر ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جذبات کو جگانا ہوگا،نئے کھلاڑیوں کو موقع دے کر نوجوانوں کو آگے لانا چاہیے۔

وقار یونس نے ٹیم کی بہتری کے لیے تجویز کیا کہ ہر 4،5 سال بعد ٹیم میں تبدیلی آنی چاہیے،نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے، چیزوں کو بہتر کرنے میں وقت لگتا ہے، ورلڈ کپ وہ ٹیم جیتے گی جو صحیح وقت پر اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

سری لنکا کے خلاف شکست کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سیریز اچھی ثابت نہیں ہو سکی،میرا مقصد ہے کہ پاکستان کی کرکٹ بہتری کی طرف جائے۔

ٹیم اور انتظامیہ کے اختلافات کی تردید میں وقار یونس نے کہا کہ کوچ ٹیم مینیجمنٹ اور کھلاڑی ایک ہی صفحے پر ہیں، ورلڈ کپ کی تیاری میں مصروف ہوں اسی لیے اپنے اہل خانہ کو آسٹریلیا بھیج دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے آسٹریلیا کی سیریز سے بہت توقعات ہیں، ایک اچھی ٹیم کے مقابلے میں ٹیم کی اچھی فارم کامیابی میں زیادہ اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں