سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 346 ہو گئی

20 ستمبر 2014
سیالکوٹ کے قریب ایک گاؤں میں سیلاب سے تباہ گھر کے مکین ملبے سے سامان جمع کر رہے ہیں(فوٹو:اے پی پی)۔
سیالکوٹ کے قریب ایک گاؤں میں سیلاب سے تباہ گھر کے مکین ملبے سے سامان جمع کر رہے ہیں(فوٹو:اے پی پی)۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پانی سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے(فوٹو:اے پی پی)۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پانی سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے(فوٹو:اے پی پی)۔

اسلام آباد: پاکستان کے آبادے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 346 ہو گئی ہے۔

پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ہفتہ کے روز 50 ہزار سے زائد افراد کو کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 346 ہو گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے پنجاب کے میں تباہی کے بعد اب پانی سندھ کے جنوبی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سندھ میں ابھی تک سیلاب کے باعث کسی قسم کا جانی بقصان نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سیلاب سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی نقصانات ہوئے ہیں۔

کشمیر میں 3ستمبر کے بعد مون سون بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے باعث 200 افراد ہلاک ہوئے۔


سندھ کے بیراجوں میں پانی کے دباؤ میں اضافہ


سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

گدو کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جبکہ سکھر بیراج پر 44ہزار کیوسک اضافے کے ساتھ پانی کی آمد 3لاکھ 21ہزار اور اخراج 2لاکھ 68ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے کے بعد کچے کے مزید علاقے ڈوب گئے ہیں، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی جاری ہے۔

کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 93ہزار 8سو 54 اور اخراج 56ہزار 9سو 58 کیوسک ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دریائے سندھ میں گھوٹکی کےمقام پر سیلاب کے باعث سیکڑوں افراد پانی میں پھنس ہوئے ہیں۔

کندھ کوٹ میں بھی سیلاب کے بعد کچے کے سیکڑوں دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔


ملک کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان


ملک کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں اٹک ،چکوال، راولپنڈی، مری، پشاور اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر مقامات پر موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں