کوئٹہ میں دھماکا،11افراد زخمی

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2014
پولیس کےمطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔(فائل  فوٹو)۔
پولیس کےمطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔(فائل فوٹو)۔

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق دھماکا جناح ٹاؤن کے علاقے پنج فٹی میں ہوا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں ، زخمی افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے فوری بعد ہی سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا پنج فٹی میں ایک ہوٹل کے قریب ہوا۔

سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) کوئٹہ رزاق چیمہ نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا، جس سے قریبی عمارات کو بھی نقصان پہنچا۔

رزاق چیمہ نے مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا اور مزید کسی بھی دھماکا خیز مواد کے نا ہونے پر اسے کلیئر قرار دیا۔

پنج فٹی میں ہونے والے دھماکے سے قریبی عمارات کو بھی نقصان پہنچا اور کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریب کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

جناح ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ جگہ پہنچ گئیں جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھرے میں لے لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں