دو نئے پولیو کیسز کی تصدیق

21 ستمبر 2014
۔—فائل فوٹو۔
۔—فائل فوٹو۔

اسلام آباد: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں ملک میں دو نئے پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک کیس خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوا جبکہ دوسرا فاٹا سے رپورٹ ہوا جس کے بعد رواں سال مجموعی کیسز کی تعداد 166 ہوگئی ہے۔

خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کی رہائشی 16 ماہ کی سلمہ ولد عبدالواجد میں پولیو تشخیص کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب آٹھ ماہ کی تحصیل پشاور کی رہائشی حبیبہ ولد سبحان اللہ بھی اس مرض میں مبتلا ہوچکی ہیں۔

ایک افسر نے بتایا کہ سلمہ کو طالبان کی جانب سے پولیو مہم پر پابندی کے بعد سے کوئی ویکسین نہیں مل سکتی جبکہ پشاور سے تعلق رکھنے والی بچی کے والدین نے ویکسینیشن سے انکار کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال 119 کیس فاٹا، 28 خیبر پختونخوا، 14 سندھ، تین بلوچستان اور دو پنجاب سے رپورٹ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال پولیو کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ 2012 میں 58 پولیو کیسز جبکہ 2013 میں 93 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی سال کا نواں مہینہ ہی چل رہا ہے اور پولیو کیسز کی تعداد 166 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی وجہ سے 30 ستمبر کو لندن میں ہونے والے پولیو سے متعلق ایک بورڈ اجلاس میں پاکستان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں