کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اتوار کی صبح فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ لیاری میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کے دو ملزمان بھی مارے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف بی ایریا کے علاقے حسین آباد میں نامعلوم افراد نے ایک ہوٹل میں بیٹھے چند افراد پر فائرنگ کر دی جس سے چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت نوید، عمران اور ساجد کے ناموں سے ہوئی، جبکہ ایک زخمی زیرِ علاج ہے جس کا نام نواز بتایا گیا ہے۔

پولیس نے کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے نائن ای ایم پستول کی گولیوں کے خول برآمد ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے اکثر واقعات میں ملزمان کی جانب سے نائن ایم ایم پستول کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں گینگ وار کے دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں