شین واٹسن پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2014
واٹسن کے ساتھ ساتھ کپتان مائیکل کلارک بھی ایک روزہ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔ فائل فوٹو
واٹسن کے ساتھ ساتھ کپتان مائیکل کلارک بھی ایک روزہ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔ فائل فوٹو

سڈنی: آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف شیڈول مکمل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ ٹریننگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے والے شین واٹسن اسی وجہ سے زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔

حکام کے مطابق وہ انجری سے تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں تاہم پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے مکمل تیار نہیں۔

آسٹریلین ٹیم کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کونٹورس نے کہا کہ واٹسن تیزی سے بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے تاہم انہیں اس وقت شدید دھچکا لگا جب حال ہی میں انہیں اپنی دائیں پنڈلی میں سوجن محسوس ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ واٹسن ماضی میں بھی اسی انجری کا شکار رہ چکے ہیں تو لہٰذا ہم نے ان کی کرکٹ میں واپسی کچھ وقت کے لیے معطل کردی ہے اور انہیں مزید 7-10 باؤلنگ سے روک دیا ہے۔

کونٹورس کا کہنا تھا کہ اس انجری کے باعث وہ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میچز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

واٹسن کے باہر ہونے کے بعد مچل مارش کے پاکستان کے خلاف 22 اکتوبر کو ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں کین رچرڈسن آل راؤنڈر کی جگہ لیں گے جبکہ سوئنگ باؤلر بین ہلفنہاس کو بھی ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے تیار رہنے کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر روڈ مارش نے کہا کہ سلیکٹرز نے ہلفنہاس کی صورت میں ایک اور فاسٹ باؤلر کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم محسوس کرتے ہیں ٓل راؤنڈر کی جگہ لینے کے لیے ہمارے پاس معقول متبادل موجود ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ واٹسن نے اس دورے کے لیے بہت تیاری کی اور اس سیریز میں شرکت کے لیے بہت بیتاب تھے، اگر فیصلہ واٹسن پر چھوڑا جاتا تو پہلی فرصت میں طیارے میں بیٹھ جاتے لیکن سلیکٹر ان کی مکمل فٹنس کے ساتھ آئندہ سمر سیزن میں شرکت یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واٹسن جنوبی افریقہ کے خلاف آسٹریلیا میں ہونے والی ایک روزہ میچز کی ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اس حوالے سے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی اس مرحلے سے گزر چکا ہوں اور جانتا ہوں کہ مکمل فٹنس کے حصول کے لیے مجھے کیا کرنا ہے، مجھے مثبت سوچ اور سخت محنت کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کپتان مائیکل کلارک بھی پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

آسٹریلین ٹیم متحدہ عرب امارات میں پاکستان کےخلاف کھیلی جانے والی سیریزمیں ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ کھیلےگی، سیریز کا آغاز پانچ اکتوبر سے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں