پاکستان کے کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق اگلے مہینے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے تاحال سکواڈ کا اعلان نہ ہونے پر ناخوش ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ کے مطابق، کپتان اور کوچ نے مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات روانگی سے پہلے دس روزہ تربیتی کیمپ لگانے کی تجویز دی تھی۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ کی پوری توجہ اٹھارہ ٹیموں پر مبنی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرانے پر مرکوز ہے۔

رپورٹ کے مطابق، مقامی ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ایک نئےا سپانسر کے ساتھ مل کر کیا جا رہا ہے اورخیال کیا جاتا ہے کہ یہ اسپانسر ملتوی شدہ پاکستان سپر لیگ کے ممکنہ بولی دہندہ ہو سکتے ہیں، جن کے ساتھ بورڈ ایک قیمتی معاہدہ کی امید لگائے بیٹھا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بہت سے اسٹار کھلاڑی بھی شریک ہیں اور خیال ہے کہ اگر بورڈ پہلے سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیتا تو مقامی ٹورنامنٹ میں مسابقت کی فضاء باقی نہ رہتی۔

جمعرات کو وقار یونس نے پی سی بی چیئر مین شہریار خان کو ایک ملاقات میں آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے اپنے منصوبے سے آگاہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق، وقار ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے انعقاد کے وقت سے ناخوش ہیں۔ کپتان اور کوچ کا ماننا ہے کہ یہ ایونٹ آسٹریلیا سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے مناسب نہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو نے ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ وقار نے سیریز سے ایک ہفتہ پہلے کھلاڑیوں کے اعلان اور انہیں فوراً یو اے ای بھیجنے کی صلاح دی تھی تاکہ وہ ماحول سے مانوس ہونے کے لیے متعدد پریکٹس میچ کھیل سکیں۔

اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر کے حوالے سے ایک کھلاڑی نے بھی ای ایس پی این کرک انفو سے گفتگو میں اپنی مایوسی ظاہر کی۔

'دیکھیں، ہم پہلے ہی سری لنکا سے سیریز ہار چکے ہیں اور اس وقت بجائے اپنی خامیوں کو درست کرنے کے لیے ہم آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہ ورلڈ کپ سے پہلے واحد سیریز کی تیاریوں کا بالکل بھی اچھا طریقہ نہیں'۔

'آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ہی مشکل ہے۔مجھے اندیشہ ہے کہ اس مختصر وقت میں آسٹریلیا کے سامنا کرنے کے حوالے سے ہماری تیاریاں مکمل نہیں'۔

رپورٹ میں پی سی بی کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ سے کھلاڑیوں کومناسب تیاریاں ملی ہیں۔

'ٹی ٹوئنٹی کپ کیوں نہ کھیلا جائے؟ یہ کھلاڑیوں کو پریکٹس دینے کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ بہرحال وہ مسابقتی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اس سے انہیں پریکٹس مل رہی ہے'۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹیم کا اعلان جلد ہو جائے گا۔' ہم نے حال ہی میں کپتانوں کا اعلان کیا ہے اور اسکواڈ بھی جلد ہی سامنے آ جائے گا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں