اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی ) تشکیل دے دی گئی ہے۔

ایس پی صدر کیپٹن (ر) الیاس کی صدارت میں تشکیل دی گئی چھ رکنی کمیٹی نے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

31 اگست کو پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے جھڑپ کے بعد ہنگامہ آرائی اور پی ٹی وی پر حملے کے الزام میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے تین مقدمات اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیے گئے تھے۔

قواعد کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات کی تحقیقات جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کرتی ہے۔

جے آئی ٹی میں ایس پی سٹی مستنصر فیروز، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سیکرٹریٹ شامل ہیں جب کہ ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں