کراچی: امریکی حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کو چھ گاڑیاں، ایک ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ فراہم کردئیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سی پی او آفس کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے سندھ پولیس کی خواتین اہلکاروں کے لیے ایک لاکھ چھبیس ہزار ڈالر کی چھ گاڑیاں، ایک ہزار بلٹ پروف جیکٹیں اور ہیلمٹس حوالے کیے۔

اس موقع پر برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی ادارہ برائے انسداد منشیات و نفاذ قانون اور سندھ پولیس نے اہلکاروں کی تربیت کے لیے ایک مشترکہ نظام ترتیب دیا ہے۔

تقریب میں جہاں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سندھ پولیس کی تعریفیں کرتے رہے وہیں خواتین پولیس اہلکار کچھ غیر مطمئن نظر آئیں۔

خواتین پولیس اہلکاروں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ آئی جی سندھ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہیا کی گئی امداد تھانوں میں پہنچائیں ، تاکہ انہیں سہولت حاصل ہو۔

واضح رہے کہ دو ہزار گیارہ سے لے کر اب تک امریکی حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کو بتیس ملین ڈالر سے زائد مالیت کی بکتر بند گاڑیاں، تحقیقاتی سامان، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس اور جی پی ایس سسٹم فراہم کیا جاچکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں