پاکستان کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں مزید 4 باؤلرز کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد منگل کو مشکوک ایکشن کے باعث رہورٹ ہونے والے باؤلرز کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

منگل کو بہاولپور اسٹیگز کےعطاءاللہ اور جہانزیب خان کے ساتھ ساتھ ملتان ٹائیگرز کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود اور کراچی ڈولفنز کے فراز احمد کا باؤلنگ ایکشن بھی مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔

اس سے قبل جنید ضیا، ندیم جاوید اور نیرعباس کے باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوئے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں جنید ضیا لاہور لائنز، ندیم جاوید ڈیرہ مرادجمالی اور نیرعباس سیالکوٹ اسٹالینز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

یاد رہےکہ جنید ضیا پاکستان کرکٹ بورڈ کےسابق چیئرمین توقیر ضیا کے بیٹے اور ماضی میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ انٹرنینشل کرکٹ کونسل کی جانب سے صف اول کے آف اسپنر سعید اجمل کا باؤلنگ مشکوک قرار دیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سطح پر سختی شروع کرنے کے ساتھ تمام باؤلرز کی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

مشکوک ایکشن کے حامل گیند بازوں کی جانچ کے لیے پی سی بی نے گزشتہ دنوں آسٹریلیا سے ایک مشین منگانے کا فیصلہ بھی کیا تھا جبکہ باؤلرز کے ایکشن کی درستگی کے لیے سابق کرکٹرز پر مشتمل ایک میٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں