سبی: بلوچستان کے علاقے سبی کے چاکر روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سےدو افراد ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق سبی کا علاقہ میر چارکر روڈ اس وقت زور دار دھماکے سے گونج اٹھا جب سیکورٹی فورسز کا قافلہ معمول کی گشت پر تھا۔

ایک پولیس اہلکار محمد افضل نے ڈان کو بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے چاکر روڈ کے علاقے میں موٹر سائیکل میں ایک بم نصب کر رکھا تھا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکا ہوتے ہی آس پاس کی گاڑیوں اورعمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال سبی منتقل کردیا گیا، جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

محمد افضل کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں۔

ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں