لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سینیٹراعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ "گو نواز گو" کے نعرے تبدیلی کی علامت ہیں۔

عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں کے خلاف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام کو 'گو نواز گو' کا نعرہ فراہم کیا جو کہ اس وقت ملک میں زبان زد عام بنا ہوا ہے۔

دارلحکومت میں دھرنوں کے باعث بلائے گئے پارلیمنٹ کے حالیہ مشترکہ سیشن میں نواز شریف کو مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دینے والے اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کو عوام سے دور رہنے کا بھی مشورہ دے دیا۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام اور مزدور دشمن ہیں تاہم دھرنوں اور جلوسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں نواز شریف کا نہیں بلکہ جمہوریت کا ساتھ دیاتھا۔

اعتزاز احسن نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے "سیاسی لوٹے" ہیں۔

اعتزاز احسن کے مطابق کل تک عمران خان ،شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی رکھنے پر تیار نہیں تھے لیکن آج ان کے مشورے کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھاتے۔

تبصرے (1) بند ہیں

A.M.Bukhari Sep 30, 2014 12:32pm
پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں نواز شریف کا نہیں جمہوریت کا نہیں بلکہ جُھوٹ کا ساتھ دیاتھا جس ہستی کی آن لائین سورہ اخلاص ہی ٹھیک نہ ھو اس کی اور کیا بات ٹھیک ھو سکتی ھے ! پیپلزپارٹی کو کوئی تو اللہ تعالٰی کا یہ پیامِ حق ذہن نشین کروا دے کہ ( اللہ نے نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کا حکم دیا ھے ) نہ کہ جھوٹ ، فراڈ ، بے انصافی کے معاملہ میں . معذرت کے ساتھ آج کل پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے کا شدید مقابلہ جاری ھے دیکھتے ہیں گینز بُک میں کون اپنا نام لکھوانے میں کامیاب ھوتا ھے