سڈنی : یہ تو کوئی راز نہیں کہ برگر اور آلو کے تلے ہوئے چپس موٹاپے کو بڑھانے کا سبب بنتے ہیں مگر ایک نئی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وہ آپ کی ذہانت کو بھی کھا جاتے ہیں۔

جی ہاں آسٹریلیا میں ہونے والی تحقیق میں یہ دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ جنک یا فاسٹ فوڈ آپ کو احمق بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی اور ٹیلیتھون کڈز انسٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مغربی طرز کی خوراک کو زیادہ استعمال کرنے والے ذہنی طور پر پیچھے رہ جاتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ، تلے ہوئے کھانے اور پراسیس گوشت وغیرہ کا ذہنی صلاحٰت، سیکھنے، یاداشت اور ردعمل کے وقت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس کی وجہ سے سبز سبزیوں سے دوری ہے جو انسان کی ذہنی نشوونما کو بڑھاتی ہیں۔

محقق ڈاکٹر اینیٹ نیرادی نے بتایا کہ فاسٹ فوڈ میں شامل متعدد اجزاءذہنی صلاحیتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں خاص طور پر اس میں اومیگا سکس فیٹی ایسڈز کی زیادہ مقدار کافی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق فاسٹ فوڈ میں شامل بہت زیادہ چربی اور عام کاربوہائیڈریٹس دماغ کے یاداشت اور سیکھنے کے عمل میں ملوث حصے پر اثرانداز ہوتے ہیں، خاص طور پر اگر یہ مغربی خوراک استعمال کرنے والا لڑکپن یا نوجوانی کی عمر میں ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں