پی سی بی سینئرز کو باعزت طریقے سے رخصت کرے، آفریدی

29 ستمبر 2014
قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کو رخصت کرنے کے لئے باعزت طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے اور مشورہ دیا کہ یونس خان والا معاملہ مل بیٹھ کر حل کیا جانا چاہیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یونس خان ایک سنیئر کھلاڑی ہیں اور انہوں نے قومی ٹیم کے لیے کافی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اہم کامیابیوں سے بھی ہمکنار کرایا۔

آفریدی نے کہا کہ یونس کا احترام کیا جانا چاہیے اور سینئر کھلاڑیوں کو باعزت طریقے سے رخصت کیا جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے یونس خان کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جس پر سینئر کرکٹر نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان کے لیے 254 ایک روزہ میچوں میں 7 ہزار سے زائد رنز بنانے والے یونس نے پانچ ماہ تک کسی بھی طرز کرکٹ نہ کھیلنے کا اعلان کرتے ہوئے بورڈ کو چیلنج کیا کہ وہ ان کے بغیر ون ڈے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میچز کی ٹیم بھی تیار کرے۔

آفریدی نے کہا کہ میں پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے درخواست کرتا ہوں کہ یونس سے بات کریں اور مستققل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کریں، تمام سینئر کھلاڑیوں کو باعزت طریقے سے ریٹائر کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور یونس خان مل بیٹھ کر معاملے کو حل کریں تو بہتر ہو گا۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے 34 سالہ کپتان نے سعید اجمل کے حوالے سے سوال پر تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کو آف اسپنر کی کمی محسوس ہو گی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد اپنا ایکشن درست کرکے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی ملنے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ یہ ذمے داری بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں