سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن بھی مشکوک

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2014
کولکتہ نائٹ رائڈرزکے آف سپنر سنیل نارائن۔ — فائل فوٹو
کولکتہ نائٹ رائڈرزکے آف سپنر سنیل نارائن۔ — فائل فوٹو

چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں گروپ 'اے' کے ایک میچ میں ڈولفنز کو 36 رنز سے ہرانے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے آف سپنر سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن مبینہ طور پر مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔

ای ایس پی این کرک انفو پر ایک خبر میں بتایا گیا کہ پیر کو کھیلے گئے میچ میں آن فیلڈ امپائرز انیل چوہدری اور شیٹھی ہودی شمس الدین نے تھرڈ امپائر کمار دھرماسینا کے ساتھ مل کر نارائن کے ایکشن کو رپورٹ کیا۔

امپائرز نے خصوصی طور پر نارائن کی تیز گیند کو مشکوک قرار دیا۔

چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے رہنما اصولوں کے تحت، نارائن مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے بی سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی میں اپنے ایکشن کا باقاعدہ جائزہ لینے کی اپیل کر سکتے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، نارائن کا نام ٹورنامنٹ کی ' وارننگ لسٹ' میں شامل کیا جا چکا ہے۔

ان کے میچ کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں، تاہم لسٹ پر نام ہونے کے دوران اگر ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا تو وہ ایونٹ میں مزید باؤلنگ سے محروم ہو جائیں گے۔

ڈالفنز کے خلاف حیدر آباد میں انہوں نے چار اوورز میں 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

نائٹ رائیڈرز اب 2 اکتوبرکو سیمی فائنل کھیلے گی۔

خیال رہے کہ نارائن موجودہ ٹورنامنٹ میں چوتھے ایسے باؤلر ہیں جن کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا۔ ان سے پہلے لاہور لائنز کے محمد حفیظ، عدنان رسول اور ڈالفنز کے پرنیلن سبرائن کے ایکشن مشکوک رپورٹ ہو چکے ہیں۔

چیمپئنز لیگ میں ایکشن رپورٹ ہونے سے کسی باؤلر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں شرکت سے کوئی تعلق نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں