سیٹیوں اور قہقہوں کی گونج میں فلم والا پروڈکشن کے تحت بننے والے لولی وڈ فلم 'نامعلوم افراد' کا پریمیئر شو ایٹریم مال کراچی میں منعقد ہوا جس میں فلم میں کام کرنے والوں فنکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر صحافیوں کی بڑی تعداد اداکاروں، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے بات کرنے کے لیے موجود تھی۔

'نا معلوم افراد' کی کاسٹ میں ملک کے نامور فنکار شامل ہیں، فلم اور ٹی وی کے مشہور اداکار جاوید شیخ اور سلمان شاہد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے ہر دلعزیز اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات جبکہ ابھرتی ہوئی اداکار عروا حسین اور معروف مزاحیہ اداکار محسن عباس حیدر اپنی شاندار پرفارمنس سے فلم بینوں کے دل جیتیں گے۔

کراچی کے خراب حالات پر خوشی کے جذبات کا اظہار، دراصل اس کہانی کے پلاٹ کا ایک حصہ ہے جس پر ایک پاکستانی پروڈیوسر فضاء علی مرزا نے ’نامعلوم افراد‘ کے نام سے فلم بنائی ہے۔

کہانی میں ایک ناکام انشورنس ایجنٹ فرحان ہے، دبئی جانے کے شوق میں فیصل آباد سے کراچی میں آکر پھنس جانے والا اس کا دوست اور روم میٹ مون ہے، دونوں ایک ادھیڑ عمر شخض شکیل بھائی کے پرانے سے مکان کی پہلی منزل پر واقع ایک بوسیدہ سے کمرے کے کرائیدار ہیں۔

تینوں کی سوچ میں کوئی فرق نہیں، تینوں امیر بننے کے سپنے دیکھتے ہیں اور مایوس نہیں، اس لئے نت نئی حرکتوں سے فلم دیکھنے والوں کو ہنساتے رہتے ہیں، تینوں سپنوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لئے اپنے اپنے طریقوں سے نئے نئے پلان بناتے ہیں لیکن ہر بار یہ پلان ان کے اناڑی پن اور شرارتوں پر ختم ہوجاتا ہے، پھر بھی وہ امیر بننے کے سپنے دیکھنا نہیں چھوڑتے۔

فلم کے ساوٴنڈ ٹریک میں ایک آئٹم سانگ سمیت 9 گانے ہیں، جن میں رومانس جگانے والا گیت دربدر بھی شامل ہے جبکہ آئٹم سانگ ہے جو مہوش حیات پر پکچرائز کیا گیا ہے اور جس نے فلم کو سب سے زیادہ چرچے میں رکھا، فلم میں ان کا کردار بہت چھوٹا ہے لیکن وہ اس میں خوب چچی ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹی وی کے سینئر اداکار سلمان شاہد انڈر ورلڈ ڈان بنے ہیں جس میں ان کی اداکاری جاندار ہے۔

بطور ڈائریکٹر نیبل قریشی کی یہ پہلی فلم ہے اب تک وہ اشتہاری فلمیں بناتے رہے ہیں، ان کا کام دیکھ کر گماں ہوتا ہے وہ مستقبل میں پاکستان فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہوں گے جبکہ فضاء علی مرزا کی پروڈکشن لاجواب ہے۔

مجموعی طور پر ’نامعلوم افراد‘ ایک کامیاب کامیڈی تھرلر ثابت ہوگی، فلم کی ڈسٹری بیوشن ’ایورریڈی پکچرز‘ اور ’ہم فلمز‘ کر رہے ہیں۔ فلم کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ مکمل طور پر ایک پاکستانی فلم ہے، نئے لوگوں کو ہی نہیں پاکستان فلم انڈسڑی کو بھی فخر ہونا چاہئے کہ یہ نئے لوگوں کی بہترین کاوش ہے جو آئندہ جمعے کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

پاکستانی فلم کو ایسے موقع پر ریلیز کیا جا رہا ہے جب بولی وڈ کی دو بڑی فلموں 'حیدر اور بینگ بینگ' بھی ریلیز ہو رہی ہیں، فلم 'حیدر' میں ہندوستانی اداکار شاہد کپور اور شردھا کپور جبکہ 'بینگ بینگ' میں ریتک روشن اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ 'نامعلوم افراد' کی کہانی اچھوتی اور اداکاروں کی پرفارمنس شاندار ہے کیونکہ ابھرتی ہوئی پاکستانی فلم انڈسٹری اس قابل ہوچکی ہے کہ بولی وڈ فلموں کو کسی بھی لمحے اور کسی بھی موقع پر کانٹے کی ٹکر دے سکتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ سال عیدالضحیٰ پر 20 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی بلال لاشاری کی سپر ہٹ فلم 'وار' ثابت ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں