اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ڈنڈنے کے زور پر مڈٹرم انتخابات کی حمایت نہیں کی جاسکتی ہے۔

منگل کے روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات پر چاروں حلقوں کو کھولنے کے پاکستان تحریک انصاف کے مطالبے پر عملدرآمد ہونا چاہیے تھا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی جرگہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان سے مسلسل رابطے میں ہے کیونکہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ پارلیمنٹ قائم رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے۔

عمران خان کے الزامات پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا کہ مجھ پر 50 ارب روپے کی کرپشن کا الزام عائد کرنے والے مجھے پانچ ارب ہی دے دیں۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے جو الزامات عائد کیے اس پر انہوں نے پی ٹی آئی چیف کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو جلسے میں پیپلز پارٹی کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں