بینگ بینگ بوائے ریتک آج کل اپنے بولی وڈ ساتھیوں کو مختلف چیلنجز دینے میں مصروف ہیں اور اب انہوں نے کسی اور کو نہیں دبنگ ہیرو سلمان خان کو مدمقابل آنے کے لیے للکار دیا ہے۔

سلمان خان اور ریتک روشن کے درمیان ماضی میں تعلقات کافی سرد مہری کا شکار رہ چکے ہیں جس کی دونوں تردید بھی کرتے رہے اور لگتا ہے کہ ریتک نے اسی تاثر کو ختم کرنے کے لیے سلمان خان کو دوستانہ چیلنج کیا ہے۔

ریتک نے ٹوئیٹر کے ذریعے سلمان کو چیلنج کیا جس میں انہیں مصوری کے میدان میں اپنی صلاحیت آزمانے کا کہا گیا تھا۔

اس سے پہلے پیر کو رتیک نے اشارہ دیا تھا کہ اب تک کا سب سے بینگ بینگ چیلنج تو اب سامنے آئے گا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ دبنگ خان اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں یا نہیں جس کے لیے انتظار ہی کرنا پڑے گا۔

تاہم اب تک شاہ رخ خان، فرحان اختر، رنویر سنگھ، نرگس فخری اور دیگر کئی اسٹارز ریتک کے چیلنجز کو پورا کر چکے ہیں تاہم شاہد کپور نے شکایت کی ہے کہ آخر بینگ بینگ بوائے نے انہیں کوئی چیلنج کیوں نہیں دیا۔

اس کی وجہ بینگ بینگ اور شاہد کپور کی فلم 'حیدر' کا ایک روز یعنی 2 اکتوبر کو باکس آفس معرکے میں اترنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بینگ بینگ ہندوستان بھر میں ساڑھے چار ہزار سے زائد اسکرینز پر ریلیز کی جا رہی ہے اور اس طرح یہ سب سے زیادہ اسکرینز پر ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والی ہے۔

بولی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ بینگ بینگ کی ایڈوانس بکنگ کی شرح بہت زبردست ہے اور یقیناً یہ رواں برس کی سب سے بڑی ہٹ ثابت ہوسکتی ہے اور پہلے دن سے لے کر پانچ روز تعطیلات کے دوران ریکارڈ بریکنگ بزنس کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اپنی کہانی اور بزنس کے حوالے سے سال کی سب سے بہترین فلم ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ اس کو ریلیز کیے جانے کا وقت بہت زبردست ہے، خاص طور پر پانچ روز کی تعطیلات نے اس کے سپرہٹ ہونے کا امکان بڑھا دیا ہے۔

بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

تبصرے (0) بند ہیں