سجدہ کرنے پر امریکی فٹبالر کیخلاف پینالٹی عائد

30 ستمبر 2014
حسین عبدااللہ سجدہ ریز ہوتے ہوئے۔ تصویر بشکریہ فلی ڈاٹ کام
حسین عبدااللہ سجدہ ریز ہوتے ہوئے۔ تصویر بشکریہ فلی ڈاٹ کام

امریکی فٹبال نیشنل فٹبال لیگ(این ایف ایل) میں کینس چیف سٹی کے کھلاڑی حسین عبداللہ پر سجدہ کر کے خوشی منانے کے جرم میں ان کے خلاف 15 یارڈ کی پینالٹی عائد کر دی گئی۔

کینس چیف سٹی کے 29 سالہ کھلاڑی پیر کو نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے خلاف گول اسکور کرنے کے بعد خوشی سے سجدہ ریز ہو گئے تاہم ریفری کو ان کا یہ انداز پسند نہ آیا اور انہوں نے سٹی کے خلاف 15 یارڈ کی پینالٹی عائد کردی۔

ریفری نے ان کے اس طریقے کو خوشی منانے کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

اس میچ میں سٹی کی ٹیم نے پیٹریاٹس کو 14 کے مقابلے میں 41 گول کے واضح مارجن سے شکست دی۔

تاہم ریفری کے اس فیصلے پر منگل کی صبح این ایف ایل نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبداللہ کو اس عمل پر سزا نہیں ملنی چاہیے تھی۔

مسلمان گھرانے سے تعلق رکھنے والے عبداللہ نے 2012 میں نیشنل فٹبال لیگ سے وقتی طور پر وقفہ لیا تھا اور اس دوران وہ ساتھی کھلاڑی حمزہ کے ہمراہ فریضہ حج ادا کرنے مکہ مکرمہ گئے تھے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے متعصبانہ رویے سے تعبیر کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک شخص نے لکھا ہے کہ ٹم ٹیبو نے عیسائیوں کے طریقے سے خوشیاں منائی تھیں تو یہ کس طریقے سے اس سے مختفل ہو سکتا ہے۔

اس حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر عبداللہ کے اس عمل پر پینالٹی ایوارڈ کی گئی تو ٹیبو کے عمل پر بھی پینالٹی عائد کی جانی چاہیے تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں