لاہور لائنز چیمپئنز لیگ سے باہر

30 ستمبر 2014
مچل مارش نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ تصویر بشکریہ بی سی سی آئی۔
مچل مارش نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ تصویر بشکریہ بی سی سی آئی۔
محمد حفیظ اپیل کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ بی سی سی آئی۔
محمد حفیظ اپیل کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ بی سی سی آئی۔

بنگلور: چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی واحد پاکستانی ٹیم لاہور لائنز کو آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کی پرتھ اسکورچرز نے تین وکٹوں سے ہرادیا جس کے بعد لاہور کی ٹیم کا ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بنگلور میں کھیلے گئے گروپ اے کے اہم میچ میں پرتھ اسکورچرز کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور لائنز کی اننگز کا آغاز انتہائی تباہ کن ہوا تھا اور صرف گیارہ رنز پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر سعدنسیم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث لاہور لائنز مکمل تباہی سے بچ گئی۔ انہوں نے 69 رنز کی اننگ کھیلی۔

لاہور نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں پر ایک سو پچیس رنز بنائے۔

جواب میں مچل مارش کی تریسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پرتھ اسکورچرز کو فتح سے ہمکنار کردیا ۔

لاہور لائنز کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے مخالف ٹیم کو 78 رنز کے اندر محدود کرنا تھا۔

ایک موقع پر پرتھ اسکورچرز کے 40 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے تاہم آٹھویں اور نویں وکٹ پر پارٹنرشپس نے پہلے لاہور کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کیا اور پھر میچ بھی اپنے نام کرلیا۔

مارچ کو ناقابل شکست 63 رنز اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

چیمپئنز لیگ کا پہلا سیمی فائنل کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ہوبارٹ ہوریکین کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل ہفتے کو کنگز الیون پنجاب اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں