اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب پولیس کے دو ہزار پانچ سو اہلکاروں کو آج بدھ کے روز اپنے علاقوں میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور عوامی تحریک کے دھرنوں میں سیکیورٹی کو کنٹرول کرنے کے لیے کہ حکومت نے پنجاب پولیس سے مدد طلب کی تھی۔

اس وقت اسلام آباد میں پنجاب پولیس کے گیارہ ہزار سے بھی زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو دارالحکومت میں بہت سی مشکات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ پنجاب پولیس نے وفاق سے اپنی فورس کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ عید پر سیکیورٹی کے لیے ان اہلکاروں کی ضرورت پڑے گی۔

اسی طرح کا مطالبہ پنجاب حکومت نے وفاق سے اس وقت بھی کیا تھا جب صوبے میں سیلاب نے تباہی مچادی تھی، لیکن وفاق نے اس مطالبے کو مسترد کردیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب میں عید کے موقع پر مساجد کی سیکیورٹی کے لیے اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنے کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کے اعلان کے بعد ان اہلکاروں کی مزید ضرورت پڑ سکتی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اس مطالبے پر تمام نفری کو واپس بھیجنے سے انکار کیا تھا، تاہم اب ان میں سے ڈھائی ہزار اہلکاروں کو وہ واپس بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں