شیکسپیئر کے ناول ہیملٹ پر مبنی بولی وڈ فلم 'حیدر' کی پاکستان میں ریلیز پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

وشال بھردواج کی اس فلم کے پریمیئر کے بعد کافی تعریف سامنے آرہی ہے تاہم پاکستان میں فلم سنسر بورڈ کی جانب سے لگتا ہے کہ اسے این او سی جاری کیے جانے کا امکان نہیں۔

یہ فلم جس میں شاہد کپور، تبو، کے کے مینن اور شردھا کپور جیسے اسٹارز موجود ہیں، اس کی شوٹنگ کشمیر میں ہوئی جس کی وجہ سے اس کی پاکستان میں ریلیز پر تحفظات سامنے آرہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس فلم کی ریلیز کی منظوری کے لیے اسے سنسر بورڈ کو بھیجا گیا تاہم اسے دیکھنے کے بعد بورڈ نے اسے اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس میں کشمیر سے متعلق کچھ متنازعہ چیزیں موجود تھیں۔

حیدر دو اکتوبر کو ریتک روشن اور کترینہ کیف کی فلم 'بینگ بینگ' کے ساتھ ریلیز کے لیے پیش کی جا رہی ہے تاہم بینگ بینگ کو پاکستان میں دکھانے کی اجازت مل گئی ہے جبکہ 'حیدر' کو ایسا موقع ملتا نطر نہیں آتا۔

ڈسٹری بیوٹرز کو پہلے ہی اس کی توقع تھی اس لیے انہیں نقصان کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اس سے پہلے بھی سلمان خان کی فلم 'ایک تھا ٹائیگر' کو پاکستان مخالف عناصر کو دکھانے پر ریلیز کی اجازت نہیں ملی تھی جبکہ رانی مکھرجی کی 'مردانی' کو بھی این او سی نہیں مل سکا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں