نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں ریاست اترپردیش کے شہر گورکھپور میں دو ٹرینوں میں تصادم سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

منگل او بدھ کی درمیانی شب ریاست اترپردیش کے گورکھپور ریلوے اسٹیشن کے قریب لکھنؤ برونی ایکسپریس پٹڑی سے اتر کر ایک اور ٹرین سے جا ٹکرائی۔

ترجمان انیل کمار سکسینا نے اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے میں بدقسمتی سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو رضاکار لوہے کے کٹر اور دیگر آلات کی مدد سے ٹرین کے ملبے میں پھنی لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سکسینا نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ریسکیو کا کام جلد مکمل کر کے ٹرینوں کو ٹریک پر بحال کر دیا جائے گا۔

وسطی مشرقی ریلوے کے جنرل منیجر مدھو ریش کمار نے کہا کہ انسانی غلطی ممکنہ طور پر حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔

انہوں نے ریاستی دارالحکومت لکھنؤ سے 240 کلو میٹر دور گورکھپور میں جائے وقوعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈرائیور نے کچھ وجوہات کی بنا پر سگنل توڑا، یہی حادثے کی ممکنہ وجہ لگتی ہے۔

ہندوستانی ریلوے کا نظام دنیا کے بڑے ترین ریلوے نیٹ ورکس میں شمار کیا جاتا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں۔

تاہم ناقص انتظامات اور سہولیات نہ ہونے کے سبب یہاں آئے روز بدترین سانحات رونما ہوتے رہتے ہیں۔حکومت نے 2012 میں جاری ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ہر سال ریلوے نیٹ ورک میں 15ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں