لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل اسلام آباد میں جاری دھرنے ختم ہوجائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ سیاست میں مذاکرات کا راستہ کسی صورت بند نہیں ہوسکتا ہے۔

رحمان ملک نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے کارکن گرفتار نہ ہوتے تو مذاکرات کامیاب ہوجاتے لیکن اب بھی اپوزیشن جرگہ کوشش کررہاہے کہ تینوں فریقین مذاکرات پر رضا مند ہوجائیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دیں اور قوم کی بہتری کے لیے کام کیا اور اب بھی ملکی سلامتی اور قیام امن کے لیے جمہوریت کا ساتھ دے رہی ہے۔

'انتشار نہیں چاہتے'

ادھر لاہور میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کسی صورت ملک میں انتشار نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ 'گو نواز گو' کے نعرے پی ٹی آئی کے اراکین نہیں، بلکہ عوام لگا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی آواز میں اب عوام کی آواز بھی شامل ہوچکی ہے جسے دبانا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت کی بالادستی کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں وہی شور بھی مچارہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں