پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے کیوی ٹیم کا اعلان

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2014
ڈگ بریسویل کی ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
ڈگ بریسویل کی ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جہاں ڈگ بریسویل کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت برینڈن میک کولم کریں گے۔

پاکستان آسٹریلیا سے سیریز کے فوراً بعد نیوزی لینڈ سے اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد کسی بھی غیر ملکی نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنے زیادہ تر ہوم سیریز میچز متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلنی پڑیں جبکہ اسی وجہ سے پاکستان 2011 کی عالمی کپ کی میزبانی سے بھی محروم ہو گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم متحدہ عرب امارات کے دورے میں پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈےاور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ کریگ نے دورہ ویسٹ انڈیز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ان کا پہلا دورہ بہت اچھا رہا، اب انہیں اپنے دوسرے دورے پر بہترین کارکردگی دکھانے کا چیلنج درپیش ہے جہاں مکالف ٹیم ان کے بارے میں بہت کچھ جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کنڈیشنز پاکستان کے حق میں ہوں، وہاں وہ انتہائی مشکل حریف ثابت ہوتے ہیں، ہمارا پاکستان کے خلاف ریکارڈ دیگر تمام ٹیسٹ کھیلنی والی ٹیموں کی نسبت کافی برا ہے جہاں ہم اب تک 19 میں سے صرف دو سیریز جیتنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

دورے کا پہلا ٹیسٹ نو نومبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائےگا، دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے دُبئی میں شروع ہوگا جبکہ 26 نومبر سے شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ دونوں ٹیمیں شارجہ میں مدمقابل ہوں گی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ 30 سال سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی اور اسی تاریخ کو بدلنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ میں دو اسپنرز اش سودھی اور مارک کریگ کو شامل کیا گیا ہے۔

بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعلان کےمطابق برینڈن میکلم نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہمیش ردرفورڈ، ٹام لاتھم، کین ولیمسن، کوری اینڈریسن، بروس ویٹ لنگ، لیوک رانچی، جمی نیشام، مارک گریگ، ٹم ساؤدھی، ڈگ بریسویل، نیل ویگنر، ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودھی شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں