راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا۔

آئی ایس پی آر (انٹرسروسز پبلک ریلیشنز) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت 175ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔۔

اجلاس میں ملک کی سلامتی کی داخلی اور خارجی صورتحال پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضربِ عضب میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا۔

کانفرنس کے شرکاء نے آپریشن میں شریک افسران اور جوانوں کی قربانیوں کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کانفرنس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج آپریشن ضربِ عضب کو کامیاب بنا کر شمالی وزیرستان سے تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کرے گی۔

واضح رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج کی جانب سے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کا اعلان کیا تھا۔

شمالی وزیرستان میں صحافیوں کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے معلومات کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں اب تک ایک ہزار سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں