کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران پولیس کو دو مرتبہ شرپسند عناصر کی جانب سے ہدف بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پہلا واقعہ حسن اسکوائر کے قریب پیش آیا جہاں ایک پولیس موبائل کو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے دستی بم سے نشانہ بنایا۔

واقعے میں دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد انہیں جناح ہسپتال لے جایا گیا۔

پولیس اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا ہے اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب بلوچ کالونی کے علاقے میں واقع ٹیپو سلطان تھانے میں نامعلوم افراد دھماکا خیز مواد پھینک کر فرار ہوگئے۔

دستی بم تھانے کی اس جگہ پر گرا جہاں پر پہلے ہی سے بجری پڑی پوئی تھی جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق پولیس افسران کا کہنا ہے کہ پولیس کے خلاف کاررائیاں انہیں ڈرانے کی وجہ سے کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایس پی سی آئی ڈی صفدر چوہدری پر حملہ کیا گیا تھا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے تھے۔

اس کے علاوہ جمعرات کو سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فاروق اعوان کے قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے۔

کراچی میں ان دنوں شرپسند عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جس کے آغاز سے بعد سے شہر میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں