'اجمل کے بغیر بھی پاکستان خطرناک حریف'

02 اکتوبر 2014
پاکستان کی تاریخ نئے ٹیلنٹ کی دریافت سے بھری پڑی ہے، ڈیرن لہیمن۔— فائل فوٹو
پاکستان کی تاریخ نئے ٹیلنٹ کی دریافت سے بھری پڑی ہے، ڈیرن لہیمن۔— فائل فوٹو

دبئی:آسٹریلین کوچ ڈیرن لہیمن نے سٹار آف سپنر سعید اجمل کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کو سخت حریف قرار دیا ہے

لہیمن نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ ہمیشہ بڑی سیریز میں پاکستان کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ تا ہے۔

لہیمن کا یہ بیان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اتوار کو متحدہ عرب امارات میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے پہلے آیا۔

پاکستان کی 'ہوم سیریز ' میں تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ بھی کھیلے جائیں گے۔

پچھلے پانچ سالوں میں یہ پاکستان کی پہلی ایسی سیریز ہے جس میں سعید اجمل سکواڈ کا حصہ نہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے بہترین باؤلر قرار پانے والے اجمل ٹی ٹوئنٹی میں بھی 85 وکٹیں لے کر سب سے آگے ہیں۔

تاہم ، لہیمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ نئے ٹیلنٹ کی دریافت سے بھری پڑی ہے۔

'پاکستان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ، وہ کسے کھیلا رہے ہیں، ہمیں اس پر بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ہم نے پاکستانی ٹیم کا مطالعہ کیا ہے اور تاریخ کہتی ہے کہ پاکستان ہمیشہ ہی کہیں سے اچانک بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے لے آتا ہے '۔

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں پہلی مرتبہ لیگ سپنر سعد نسیم کو موقع ملا ہے ، اسی طرح لیفٹ – آرم رضا حسن بھی دو سال کی غیر حاضری کے بعد واپس آ رہے ہیں۔

سن 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد یو اے ای پاکستان کا دوسرا'مستقل ہوم گراؤنڈ' بن چکا ہے۔

یہاں پاکستان کا ریکارڈ بھی نسبتاً بہتر ہے۔2012 میں پاکستان نے انگلینڈ کو یہاں ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔

سابق بلے باز لہیمن نے مزید کہا کہ پاکستان ایک سخت حریف ہے اور وہ اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔'وہ یہاں بہت اچھا کھیلتے ہیں،لہذا ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا'۔

ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن کے اختتام پر لہیمن نے صحافیوں کو بتایا کہ کھلاڑی یہاں کے سخت گرم موسم سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

'یہاں بہت گرمی ہے اور لڑکوں کوایڈجسٹ ہونے میں دو دن درکار ہوں گے'۔

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے یو اے ای روانہ ہونے سے پہلےلاہور میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ اور آل راؤنڈر محمد حفیظ اجمل کی عدم موجودگی سے پیدا ہونے والا خلاء پر کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔

'اجمل کی غیر موجودگی میں میرے، حفیظ اور دوسرے باؤلرز کا کردار زیادہ اہم ہو جاتا ہے'۔

'ہم یہ خلاء پُر نہیں کرسکتے، لیکن پوری کوشش ضرور کریں گے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں