پی اے ٹی کا عید پر دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ

02 اکتوبر 2014
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری۔— اے ایف پی
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری۔— اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک نے اپنا ارادہ تبدیل کرتے ہوئے عید الضحی پر بھی اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی اے ٹی کے ترجمان عمر ریاض عباسی نے بدھ کو رات گئے ڈان کو بتایا کہ پارٹی نے پہلے دھرنے کے شرکاء کو عید کی چھٹیوں میں گھر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اب پارٹی کا فیصلہ ہے کہ اگر عمران خان ڈی چوک میں عید منائیں گے تو ہم بھی ایسا ہی کریں گے۔

عباسی کے مطابق، ڈاکٹر طاہر القادری جمعرات کو اپنے خطاب میں دھرنے کے شرکاء کو سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اس فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

اس سے پہلے بدھ کو ڈاکٹر قادری نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ وہ عید کے بعد دھرنے کو حکومت مخالف تحریک میں بدل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ عید کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں کا دورہ کرتے ہوئے دھرنے کو ایک تحریک کی شکل دیں گے کیونکہ وہ اس نطام کو مزید چلنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران پی اے ٹی کے کارکن 'گو نواز گو' اور 'گو نظام گو' کے نعرے لگائیں گے۔

ڈاکٹر قادری نے کہا کہ لوگ اپنے حقوق، حکمرانوں کی بدعنوانی اور اپنے صوبوں اور اضلاع کے وسائل سے متعلق آگاہی نہیں رکھتے۔

'انتظامی اکائیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے عام آدمی کو حکومتی کارکردگی کی معلومات نہیں ملتیں'۔

بدھ کو دھرنے میں شامل کسانوں کے نمائندوں نے حکومت کی زراعت مخالف پالیسیوں پر بطور احتجاج کپاس کی گانٹھوں کو آگ لگا دی۔

دھرنے میں شریک پی اے ٹی کے سیالکوٹ ضلع سے ایک کارکن اللہ دتہ رانا کی بیوی نے بدھ کو ایک بچی جو جنم دیا۔

ڈاکٹر قادری نے شرکاء کو بتایا کہ 'ہمارے ایک انقلابی کے ہاں بچی کی ولادت ہوئی ہے اور میں نے اس کا نام کنیز فاطمہ رکھا تاہم بعد میں، میں نے سوچا کہ چونکہ بچی دھرنے میں پیدا ہوئی لہذا اس کا نام انقلاب فاطمہ رکھنا چاہیئے'۔

تبصرے (0) بند ہیں