کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میں رینجرز نے لیاری اور بلدیہ میں کارروائی کرتے ہوئے 'گینگ وار' کے مبینہ چار ملزمان کو ہلاک کردیا، جبکہ مشتبہ رکن زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح لیاری میں شاہ بیگ لین کے علاقے میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مشتبہ افراد نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی تھی۔

جوابی فائرنگ میں گینگ وار جبار جھینگو گروپ کا ملزم ہلاک ہوا۔

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔

اس سے قبل لیاری میں مرزا آدم خان روڈ پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے تین ملزمان کو ہلاک کردیا۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت حنیف، جمالی، احمد اور شاہد کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان قتل، اقدام قتل ، بھتہ خوری سمیت جرائم کی کئی سنگین وارداتوں میں ملؤث تھے۔

اسی دوران بلدیہ ٹاؤن کے قریب یوسف گوٹھ میں مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ سال ستمبر سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے جن میں حکام متعدد افراد کی ہلاکت اور متعدد کی گرفتاریوں کے دعویٰ کرچکے ہیں۔

تاہم اس آپریشن کے باوجود اب تک شہر میں مکمل طور پر امن بحال نہیں ہوسکا ہے اور شہر میں فائرنگ اور تشدد زدہ لاشیں ملنے کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں