اسلام آباد: سیکورٹی فورسز، رینجرز اور پولیس کمانڈوز نے اسلام آباد میں مشترکہ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے 3 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز،رینجرز اور پولیس کمانڈوز نے اسلام آباد کے نواحی علاقے بنی گالہ میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کرکے تین مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 3 اے کے47 کلاشنکوف، روسی ساختہ 12 بور رائفل، 12 بور ریپیٹر اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔

ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مسجد سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے نو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ ملزمان ٹھیلے والوں کے بھیس میں فوجی افسران کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے اور ان کا تعلق سوات اور باجوڑ سے بتایا گیا تھا۔


مزید پڑھیں: اسلام آباد میں مسجد سے 9 مبینہ دہشت گرد گرفتار


قومی سلامتی کے انتہائی اہم اداروں کی موجودگی کے باعث دارالحکومت اسلام آباد سے مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری اور اسلحے کی برآمدگی یقیناً سیکیورٹی کی صورتحال پر ایک سوالیہ نشان کھڑا کیے دے رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں