باؤلنگ ایکشن تبدیل نہیں کروں گا، حفیظ

02 اکتوبر 2014
فائل فوٹو اے ایف پی
فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: پاکستانی آل راؤنڈر اور اوپنر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ حالیہ چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے پر ہرگز پریشان نہیں تاہم حیران ضرور ہیں اور اپنا ایکشن تبدیل نہیں کریں گے۔

گزشتہ ماہ آئی سی سی نے صف اول کے آف اسپنر سعید اجمل پر پابندی عائد کردی تھی اور اس صورتحال میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ اکتوبر سے ہونے والی سیریز میں محمد حفیظ کی پاکستانی ٹیم میں موجودگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

چیمپیئنز لیگ میں مشکوک ایکشن رپورٹ ہونے کا عالمی کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں تاہم آف اسپنر اب عالمی سطح پر امپائر کی نظروں میں آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کوچ وقار یونس ںے کہا تھا کہ باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے سے حفیظ کا اعتماد متاثر ہو گا۔

تاہم 33 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

دبئی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ میں ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے پر حیران ہوں کیونکہ میں گزشتہ 11 سال سے اسی ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے چھ اہم عالمی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیا لیکن کسی نے بھی میرے ایکشن پر سوال نہیں اٹھایا۔

حفیظ دو ورلڈ کپ، ایک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

آئی سی سی نے جون میں غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا اور باؤلرز کو سختی کے ساتھ 15 ڈگری کے زاویے کے اندر اندر ایکشن رکھتے ہوئے گیند کرانے کا فیصلہ کیا۔

اسی لیے اجمل پر باؤلنگ سے قبل کھیل کی عالمی گورننگ باڈی سری لنکن اسپنر سچترا سنانائیکے اور کین ولیمسن پر پابندی عائد کر چکی تھی۔

حفیظ نے کہا کہ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود وہ عالمی سطح پر باؤلنگ کرنے میں ہرگز خوف محسوس نہیں کریں گے۔

پاکستان کے لیے 122 ایک روزہ اور 45 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے آل راؤنڈر نے کہا کہ میں آگے بھی اسی طرح گیند کروں گا جیسے اپنے تمام کیریئر میں کرتا رہا ہوں۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ میں دوسرا نہیں کرتا، میں صرف آف اسپن کرتا ہوں جو چکنگ کے زمرے میں نہیں آتی۔

تبصرے (0) بند ہیں