نوازشریف کی دھاندلی پکڑلی ہے،عمران خان

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2014
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ۔(فوٹر :آن لائن)۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ۔(فوٹر :آن لائن)۔

میانوالی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی دھاندلی پکڑ لی گئی ہے اور عوام نے حکمرانوں کو مسترد کردیا ہے، پورے ملک میں ظالموں کے خلاف لڑ رہے ہیں،

میانوالی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں انہوں نےعوام کو نصیحت کی کہ ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا، ظالم کے سامنے کھڑے رہنا ہے۔

وزیر اعظم کے استعفی کے لیے 56 روز سے جاری احتجاج کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کو دھاندلی کرتے پکڑ لیا ہے، اب ان کو چھوڑیں گے نہیں، دھرنا اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وزیر اعظم استعفی نہ دے دیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جو قومیں ظلم کا مقابلہ نہیں کرتیں ،تباہ ہوجاتی ہیں، جب انسان ظلم کے بُت کی پوجا کرتا ہے تو جنگل کا قانون آ جاتا ہے اور جب انسان گرتا ہے تو جانوروں سے بدتر ہو جاتا ہے، اسی طرح جو قوم ظلم کا مقابلہ نہیں کرتی مر جاتی ہے، میں قوم کو جاگتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ گو نواز گو کہنا کوئی بری بات نہیں ہے، شریف خاندان کو گو نواز گو سے غصہ کیوں آتا ہے؟، لوگوں کا جمہوری حق ہے ،کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، شریف خاندان گو نواز گو کہنے پر کیوں لوگوں کو مارتےہیں؟

میانوالی کے جلسے کے بارے میں پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا جلسہ کرنے کے لیے دوسری جماعتوں کو 6مہینے لگیں گے، ہم نے 3دن میں کر لیا، نواز شریف پنجاب میں اس جلسے کا 30فیصد بھی کر کے دکھا دیں، اگر 30فیصد بھی جلسہ کرلیا تو مان جائیں گے کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی۔

اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی سے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ پورے ملک میں بہترین بلدیاتی نظام بنائیں گے تاکہ لوگوں کا ہر مسئلہ گھر میں حل ہو،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایسا نظام بنائے گی جس میں غریب پر امیر ظلم نہ کر سکے، تعلیم کا نظام ٹھیک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تھانہ کلچرکو ٹھیک کرنا ہے، ہم پنجاب پولیس کو بچائیں گے اوران کو گلو بٹ نہیں بننے دیں گے، خیبر پختونخوا اور پنجاب پولیس میں فرق دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں کسانوں کی حکومت مدد کرتی ہےان کے بجلی کے بل کم آتے ہیں جبکہ پاکستان میں کسانوں کو 6لاکھ روپے بجلی کا بل بھیج دیا جاتا ہے، کسان پیداوار بڑھاتا ہے تو ملک امیر ہوجاتا ہے، ہم نے کسانوں کو اٹھانا ہے، ان کی مدد کرنی ہے

میانوالی کے عوام کے بارے میں نہوں نے کہا کہ ان کو کبھی نہیں بھول سکتا کہ میانوالی والوں نے مجھے اسمبلی تک پہنچایا اسی لیے ان لوگوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا۔


میانوالی،عمران خان کا آبائی علاقہ


میانوالی عمران خان کا آبائی انتخابی حلقہ ہے، یہاں سے وہ 2 مرتبہ منتخب ہو کر قومی اسمبلی جا چکے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی سرحد پر واقع میانوالی عمران خان کا آبائی علاقہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے 1995 میں پی ٹی آئی قائم کرکے سیاست میں قدم رکھا تو میانوالی کی عوام سے ان کو بھر پور پذیرائی ملی۔

میانوالی سے ہی نومبر2002 میں وہ منتخب ہو کر قومی اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے 2007 تک عوام کی نمائندگی کی۔

11مئی 2013 کو ہونے والے عام انتخابات میں بھی عمران خان اس علاقے سے واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوئے۔

عمران خان کا تعلق نیازی قبیلے سے ہے۔ ان کی ولادت تو لاہور میں ہوئی تاہم عمران خان کے والد اکرام اللہ خان نیازی کا تعلق میانوالی سے ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کے ننھیال کا تعلق جنوبی وزیرستان کے قصبے کانی گرام سے جبکہ ان کی والدہ کا تعلق برکی قبیلے سے تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں