مہوش حیات کے آئٹم نمبر سے سجی نامعلوم افراد اور رواں برس کی سب سے بڑی شان کی آپریشن 021 عیدالاضحیٰ پر فلمی پرستاروں کے لیے ایک تحفہ ثابت ہوں گی۔

تو اگر آپ تین روزہ تعطیلات کے دوران سینماﺅں کا رخ کرنا چاہتے ہیں تو ان فلموں کا مختصر جائزہ ہوسکتا ہے آپ کے لیے مددگار ثابت ہو۔


###آپریشن 021

اگرچہ یہ خیال پایا جارہا ہے کہ یہ ایکشن تھرلر وار کی نقل ہے تاہم آپریشن 021 کو بنانے والوں نے شائقین کو بالکل مختلف تجربہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

زیبا بختیار اور ان کے بیٹے اذان سمیع خان نے اس فلم کو پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی ہدایات جمیل نے آسٹریلین ڈائریکٹر سمر نکس کے ساتھ مل کر دی ہیں۔

فلم میں شان مرکزی کردار نبھارہے ہیں، جبکہ شمعون عباسی، امینہ شیخ اور ایوب کھوسو بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

پلاٹ: تین دہائی کی جنگ کے بعد ایک افغان شخص(ایوب کھوسو) اپنے پاکستانی ساتھی کاشف صدیقی(شان) کے ساتھ مل کر اپنے ملک کو آئندہ پچاس برس تک کے لیے کارپوریٹ جنگ سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ دونوں اپنے اپنے ممالک کو بچانے کے لیے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں اور انہیں اپنا یہ منصوبہ اکیس گھنٹوں کے اندر پورا کرنا ہے۔


نامعلوم افراد

ایک اور پاکستانی فلم جو کہ ایکشن کامیڈی ہے، جس کے بہترین ڈائیلاگ، مزاح اور مہوش حیات کا آئٹم نمبر اسے آپریشن 021 کا سخت حریف بنارہے ہیں۔

اس فلم میں فہد مصطفیٰ، محسن عباس حیدر اور جاوید شیخ مرکزی جبکہ سلمان شاہد ولن کے کردار میں نظر آئیں گے، عروہ حسین نے ہیروئین کا شعبہ سنبھالا ہے۔

پلاٹ: اس ایکشن کامیڈی فلم میں تین لاپرواہ افراد اکھٹے ہوجاتے ہیں جو اپنے خوابوں اور عزائم کے پیچھے بھاگ رہے ہوتے ہیں، وہ تینوں مل کر کراچی شہر میں اپنی محبت، زندگی اور دیگر کو بچانے کے لیے بھاگتے پھرتے ہیں۔


بینگ بینگ

عید پر بولی وڈ سے ہرتیک روشن اور کترینہ کیف کی ایکشن پیک فلم بینگ بینگ پاکستانی سینماﺅں کا رخ کررہی ہے جس نے بولی وڈ میں کئی ریکارڈز ریلیز سے پہلے ہی بنادیئے ہیں۔

سدھارتھ کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم بہترین موسیقی، ایکشن اور مرکزی کرداروں کی بہترین کیمسٹری سے سجی ہوئی ہے۔

پلاٹ: یہ فلم ہولی وڈ فلم دے اینڈ نائٹ کا ریمیک ہے جس میں ایک لڑکی(کترینہ کیف) ایک جاسوس(ہرتیک روشن) کے ساتھ جڑ جاتی ہے جو اپنا نام کلئیر کرنے کی کوشش کررہا ہوتا ہے۔


دی میز رنر

اگر آپ سائنس فکشن کے پرستار نہیں بھی ہے تو بھی یہ فلم اپنے تھرل کے باعث دیکھے جانے کے قابل ہے۔

ویس بیل نے اس کو ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ ڈیلان اوبراین، کایا سکوڈیلرو، کی ہونگ اور دیگر اس کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

پلاٹ: تھامس (ڈیلان اوبرائن) ایک مقام گلیڈ میں پھنس جاتا ہے جو دیواروں سے گھرا ہوتا ہے، اس کی باہری دنیا کی یادیں ختم ہوجاتی ہیں اور اسے جلد معلوم ہوتا ہے کہ اس مقام پر موجود ہر شخص کا یہی حال ہے، اسے کہا جاتا ہے کہ وہ یہاں کی بھول بھلیوں میں داخل نہ ہو جو جان لیوا ثابت ہوسکتی ہیں، تاہم وقت گزرنے کے بعد وہ وہاں سے بھاگنے کے لیے ان بھول بھلیوں کا ایک رنر بن جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں