اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے 15 دن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق چیف جسٹس ناصرالملک کی زیر سربراہی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات پر قانون سازی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے حکم جاری کیا۔

چیف جسٹس نے تازہ حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات پر قانون سازی کے حوالے سے صوبوں کو دی ڈیڈ لائن کے بارے میں دریافت کیا۔

عدالت نے صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے اٹارنی جنرلز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ تینوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں پتہ کر کے 15 دن میں صوبائی حکومتوں کا جواب جمع کرائیں۔

اس سے قبل ہونے والے سماعت میں اعلیٰ عدلیہ نے تمام صوبوں کو 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن صوبہ بلوچستان کے سوا تمام صوبے اب تک عدالتی فیصلے سے انحراف کرتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں