پشاور : خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بورڈ نے تدریسی کتب میں قرآن مجید، احادیث اور اقوال کے ذریعے انسداد بدعنوانی کے اشتہارات کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ معاشرے میں کرپشن کی برائی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق قرآن مجید کی چند آیات جن میں مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا گیا ہے، کو بھی پہلی سے بارہویں جماعت کی تدریسی کتب میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیکسٹ بورڈ نے یہ فیصلہ قومی احتساب بیورو اور ڈائریکٹوریٹ آف سرکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن کی مشاورت سے کیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ حکام نے قرآن مجید، احادیث اور اقوال سے کرپشن کے خلاف سو کے لگ بھگ پیغامات کو مرتب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سورة الحجرات کی ایک پوری آیت کو منتخب کیا گیا جس میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر اتحاد کے لیے زور دیا ہے، اس فیصلے کا اطلاق تعلیمی سال 2015-16 کے لیے آئندہ برس اپریل سے ہوگا۔

نیب نے اس خیال کو پیش کیا تھا کہ تدریسی کتب میں کرپشن کے خلاف نعروں یا اشتہارات کو شامل کیا جائے جبک ہجماعت اسلامی نے مسلم اتحاد کے لیے قراانی آیات کو شامل کرنے کی تجویز دی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ انسداد بدعنوانی نعروں سے طالبعلموں کے اندر ابتدائی عمر سے ہی کرپشن کے بارے میں معلوم ہوسکے گا اور انہیں بتایا جائے کہ یہ معاشرے کے لیے کتنی بڑی برائی ہے۔

اسی طرح یہ مواد طالبعلموں کے اساتذہ اور والدین پر بھی اثرانداز ہوگا، ایک نعرہ " ہم امن چاہتے ہیں" کو سابقہ حکومت نے تدریسی کتب میں اس وقت شامل کیا تھا جب خیبرپختونخوا کو عسکریت پسندی کا سامنا تھا۔

ذرائع کے بقول مسلمانوں میں اتحاد پر آیات سے معاشرے میں مختلف نکتہ نظر کے حامل افراد کے درمیان بڑھتے خلاءکو پاٹنے میں مدد ملے گی جبکہ اس سے مختلف فرقوں میں نفرت کو بھی کم کیا جاسکے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ قومی سالمیت اور محبت سے متعلق نعروں کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔

ڈان کے رابطہ کرنے پر سول سیکرٹریٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ تدریسی کتب میں انسداد بدعنوانی کے نعروں کی مہم سے طالبعلموں کے اندر شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے کرپشن کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس انتہائی تعلیم یافتہ افراد وہتے ہیں اور ان کی تعیناتی صوبائی اور وفاقیسطح پر سخت مقابلے کے بعد ہوتی ہے، مگر اس کے باوجود متعدد افسر کرپشن میں ملوث ہوتے ہیں۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس اور سرکاری افسران اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ کرپشن ایک معاشرتی برائی ہے مگر اس کے باوجود وہ خود کو اختیارات کے غلط استعمال سے روک نہیں پاتے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Qaisar Nadeem Oct 19, 2014 07:54pm
GREAT STEP BY PTI
امجد علی بلوچ Oct 20, 2014 12:44pm
اسلام و علیکم جناب علٰی برائےکرم آپ آیت نمبر بتائیں کہ کونسی آیت ہے شکریہ امجد علی بلوچ