سکھر: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لیے اقتدار کے بغیر تین روز بھی گزارنا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے عوام کی توقعات پوری نہیں ہوئیں اور موجودہ صورتحال میں حکومتیں اپنی مدت پوری کرتی دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔

سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں ایک جلسے سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ایم کیو ایم صبح اعلان کرتی ہے اور شام کو واپس لے لیتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت مچھلی کی مانند ہے جس کے لیے اقتدار پانی کی طرح ہے، جس کے بغیر وہ زندہ نہیں رہ سکتی ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں جماعتِ اسلامی کے امیر نے حکومتی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقتدار میں کوئی بھی ہو، اختیار ہمیشہ اشرافیہ کا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے اب تک ملک پر ایک ہی طبقہ حکمران ہے۔ پیپلز پارٹی ہو ن لیگ ہو یا مارشل لاء کی حکومت، ان میں کوئی فرق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وی آئی پی کلچر نے تباہ کیا ہے، ملک میں جمہوری حکومت ہو یا مارشل لاء کی، ہمیشہ وی آئی پی مافیا کا قبضہ برقرار رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت رہی، پھر بھی پیپلزپارٹی کراچی کے جلسے میں روتی نظر آئی۔ عوام ان لیڈروں سے بغاوت کریں جنہوں نے کروڑوں عوام کو غریب بنایا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ انسانوں کا نظام چھوڑ کر اللہ کے نظام کو اپنائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں