اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مشاورت کے لیے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ آئینی اصلاحات کی تکمیل تک چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہ کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ انتخابی اصلاحات کی تکمیل تک چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے زور نہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ چودہ اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو دو ہفتوں کے اندر مستقل الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 28 اکتوبر تک یہ تعیناتی نہ کی گئی تو عدالت اپنا جج واپس لے لے گی۔


مزید پڑھیں: حکومت 2 ہفتوں میں مستقل الیکشن کمشنر تعینات کرے، سپریم کورٹ


چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ سپریم کورٹ کا ایک جج آئینی عہدے پر اضافی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے عدالتی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

اس پر اٹارنی جنرل نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 30 روز کی مہلت طلب کی، تاہم عدالت نے حکومت کو 28 اکتوبر تک چیف الیکشن کمشنر کی مستقل تعیناتی کا حکم دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں