نیاصوبہ نہ بننےکی ذمہ دارمسلم لیگ ہے،یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی  ۔(فائل فوٹو)۔
سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی ۔(فائل فوٹو)۔

ملتان: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نیا صوبہ نہ بننے کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ(ن) ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’جائزہ‘ میں انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو متحد رکھنے کی بات صرف بلاول بھٹو زرداری نہیں کر رہے بلکہ یہ پورے صوبے کی آواز ہے، عوام کہہ رہی ہے کہ وہ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے، جب عوام کی رائے یہ ہے تو پیپلز پارٹی کےچیئرمین کیسے عوام کی رائے کے خلاف جا سکتے ہیں، اسی طرح تو پبلک پالیسی بنائی اورچلائی جاتی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بہاولپور یا سرائیکی اور جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے کا وعدہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے کی قرارداد صوبائی اسمبلی میں منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں بھی پاس ہو گئی تھی جبکہ سینیٹ نے دو تہائی اکثریت کے ساتھ آئین میں ترمیم بھی کر دی تھی مگر قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پاس دوتہائی اکثریت نہ ہونے سے یہ قانون پاس نہ ہو سکا جس سے جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ مل جاتا۔

اس سوال پر کہ صوبے نہ بننے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہ نیا صوبہ نہ بننے کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ(ن) ہے، سینیٹ کے ریکارڈ پر موجود ہے کہ کس نے نیا صوبہ بننے کے حق میں قانون سازی کی حمایت کی تھی اور کس نے اس کے لیے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں