خیبر ایجنسی: وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں جاری پاک فوج کے آپریشن خیبر ون کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 مبینہ شدت پسند ہلاک، جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آپریشن خیبر ون کے دوران خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے سپاہ میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس میں 6 مبینہ شدت پسند ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

آپریشن خیبر ون میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کاروائیاں جاری ہیں۔

خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں سے مقامی قبائل کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی گزشتہ کئی روز سے جاری ہے اور متاثرین جلوزئی کیمپ منتقل ہو رہے ہیں۔

تاہم باڑہ کے شدت پسندوں نے مقامی قبائل کو علاقہ نہ چھوڑنے کی دھمکی دی ہے، جس کا مقصد ممکنہ طور پر انہیں ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ہے۔

مقامی اور سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ شدت پسندوں نے ریڈیو سے اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ جو لوگ علاقہ چھوڑ کر گئے یا حکومت کی حمایت کی وہ ان کے گھروں پر قبضہ کر کے دھماکے سے اڑا دیں گے۔

شدت پسند پہلے ہی ہتھیار ڈالنے والے دو کمانڈرز سمیت اپنے 30 کے قریب ساتھیوں کے گھر دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا چکے ہیں۔


مزید پڑھیں:خیبر ایجنسی: شدت پسندوں کی قبائل کو علاقہ نہ چھوڑنے کی دھمکی


یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا گیا تھا اور علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب فراہم کی جاتی ہیں۔

تاہم فوج کی جانب سے آپریشن کے آغاز کے بعد ایک مرتبہ ملکی اور غیرملکی میڈیا کو تحصیل میرعلی کا دورہ کروایا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

اور اب خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Babur Oct 25, 2014 02:21am
جو دہشتگرد شمالی وزیرستان میں فرار ہو كر وادی تیراہ میں آ كر چپ گئے تہیں ، آج پاك فوج ان كے متانے كے لئے آگیا ہے . صورت حال سے ایسا لگتا ہے كہ یہ لوگ بہاگتے رہیں گے اور پاك فوج ان كو دھوند كر برباد كرتے رہیں گے . اگر ان كی بہیجے میں ذرا سا عقل ہے تو یہ بدبخت اپنے اسلحے پہینك دیں گے اور یہ لڑائی ختم كر كے ملك كے بہلائی كے لئے كام كرنا شروع كریں گے