اسلام آباد: سابق ٹیسٹ بلے باز ظہیر عباس کا خیال ہے کہ دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں شاندار سینچری سکور کرنے کے بعد یونس خان ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بننے کے مستحق ہیں۔

ظہیر کے مطابق اس پرفارمنس کے بعد یونس کو یقینی طور پر 2015 ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا جانا چاہیئے تاکہ وہ خود کو ثابت کر سکیں۔

خیال رہے کہ یونس نے دبئی میں 25 ویں ٹیسٹ سینچری سکور کرتے ہوئے سابق مڈل آرڈر بلے باز انضمام الحق کا سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کے قومی ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ چھتیس سالہ یونس پہلے ایسے پاکستانی بلے باز بن چکے ہیں جنہوں نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے خلاف سینچریاں بنائیں۔

ظہیر نے یاد دلایا کہ یونس کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور پاکستان کو اس سیریز میں 0-3 کی شرمناک شکست ہوئی۔

'یونس کے لئے کچھ بھی آسان نہیں تھا۔ چیزیں ان کے خلاف جا رہی تھیں لیکن انہوں نے ہر بار ثابت کیا کہ وہ اپنے ملک کے لئے کھیلتے ہیں۔'

اٹھتر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ظہیر کے مطابق: میں یقینی طور پر یونس کو ورلڈ کپ کھیلتا دیکھ رہا ہوں کیونکہ ہم نے ان کے بغیر ون ڈے سیریز میں ٹیم کی پرفارمنس دیکھ لی۔

مصباح الحق کی ذاتی پرفارمنس کے حوالے سے ایشین بریڈ مین نے کہا ' دبئی ٹیسٹ میں ایک اہم موقع پر 69 رنز کی زبردست اننگز کھیل کر کپتان کا دوبارہ فارم میں آنا خوش آئند ہے'۔

'آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں اپنی ٹیم کو ڈریسنگ روم سے کھیلتا دیکھنا مصباح کے لیے بہت مشکل رہا ہو گا'۔

اِن فارم مصباح اور یونس کی بدولت پاکستان ایک خطرناک ون ڈے فورس بن سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں