کوئٹہ: ایرانی بارڈر سیکیوٹی فورسز نے پاکستانی علاقے ماشکیل میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب چھ مارٹر گولے فائر کیے۔

ایک سیکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف سی کی جانب سے ایرانی مارٹروں اور فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا جس کے بعد یہ سلسلہ رُک گیا۔ اہلکار نے بتایا کہ یہ مارٹر گولے پاکستانی علاقے میں تقریباً تین ہزار میٹرز اندر آکر گرے۔

حکام کا کہنا ہے گولے باری کی آوازیں دور دور تک علاقے میں سنی گئی جس سے خوف پھیل گیا۔

واقعہ کے بعد ایرانی سرحد سے منسلک صوبہ بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں ایف سی کی مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل بھی ایرانی سیکیورٹی محافظوں نے پاکستانی علاقے میں داخل ہو کر ایک ایف سی اہلکار کو ہلاک اور تین افراد کو زخمی کردیا تھا۔

ان واقعات پر بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی سرحدی فورسز کی جانب سے سرحد کی خلاف ورزی کا معاملہ ایرانی دفتر خارجہ کے سامنے اٹھایا جائے۔

واضح رہے کہ پچھلے پندرہ دنوں کے دوران جیش العدل سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں نے پاک ایران سرحد کے ساتھ ساتھ ایرانی سرحدی چوکیوں پر حملے کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں