عمران خان بھی دھرنا ختم کردیں، سیاسی جرگے کا مطالبہ

24 اکتوبر 2014
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ—۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ—۔ فائل فوٹو اے ایف پی
آن لائن فائل فوٹو—۔
آن لائن فائل فوٹو—۔

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد اپوزیشن جرگے نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے بھی دھرنا ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے سینیٹر رحمان ملک کے ساتھ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جرگہ پی ٹی آئی قیادت سے جلد ملاقات کرے گا۔

انہوں نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے جرگے کے کردار کو سراہا جس نے حکومت اور احتجاجی جماعتوں کے مابین ایک پل کا کردار ادا کیا۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان جرگے سے مشاورت کے بعد کیا تھا۔

چوہدری شجاعت، جنہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کی احتجاجی تحریک میں ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا، نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی لندن میں ہونے والی ملاقات میں کوئی لندن پلان تشکیل نہیں دیا گیا تھا۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے مڈٹرم الیکشن ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے ہیں۔

سینیٹر رحمان ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سیاسی جرگہ عمران خان سے ملاقات کے لیے جمعے کو تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے رابطہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کردینا چاہیے۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگے نے اسلام آباد میں متوقع خون خرابے اور تناؤ کی صورتحال کوختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاسی جرگے کی بدولت ہی تینوں فریقین (حکومت، تحریک انصاف اورعوامی تحریک) بات چیت پر آمادہ ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں