ایدھی سینٹر ڈکیتی کا اہم ملزم گرفتار

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2014
عبدالستار ایدھی اپنے بیٹے کے ہمراہ ایدھی سینٹر میں ہونے والی ڈکیتی کے بعد رپورٹروں سے گفتگو کر رہے ہیں—۔فوٹو فیصل مجیب/ وائٹ اسٹار
عبدالستار ایدھی اپنے بیٹے کے ہمراہ ایدھی سینٹر میں ہونے والی ڈکیتی کے بعد رپورٹروں سے گفتگو کر رہے ہیں—۔فوٹو فیصل مجیب/ وائٹ اسٹار

کراچی: ایدھی سینٹر کراچی میں ڈکیتی میں ملؤث ایک اہم مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ہفتے کو ساؤتھ انوسٹی گیشن پولیس نے کورنگی کے ایک علاقے میں چھاپہ مار کرایدھی سینٹر میں ڈکیتی کے ایک اہم مبینہ ملزم مظہر عرف اکّو کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مظہر عرف اکّو اس سے قبل بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے اور اس نے متعدد بار جیل بھی کاٹی ہے۔

نمائندے کے مطابق پولیس ذرائع نے اس حوالے سے معلومات دینے سے گریز کیا ہے تاہم ذرائع سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مظہر عرف اکّو کو تفتیش اور رقم کی برآمدگی کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

آج گرفتار کیے گئے ملزم کی مدد سے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

یاد رہے کہ اتوار 19 اکتوبر کو آٹھ مسلح افراد دن دیہاڑے عبدالستار ایدھی سمیت عملے کو یرغمال بناکر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور رقم لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے تھے۔


مزید پڑھیں: کراچی: ایدھی سینٹر میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی


عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ لوٹی جانے والی رقم میں لوگوں کی جمع کرائی گئی امانتیں بھی شامل ہیں۔

پولیس نے عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے جاری کیے تھے اور اس کے بعد کرمنل ریکارڈ سے دو ملزمان کو عینی شاہدین نے شناخت کرلیا تھا۔

21 اکتوبر کو شناخت کیے گئے دو ملزمان میں سے ایک ملزم ایدھی کا سابق ملازم ہے۔


مزید پڑھیں:ایدھی سینٹر کو لوٹنے والا ایک ملزم سابق ملازم نکلا


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں