سیالکوٹ: انڈین بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے شکرگڑھ سیکٹر میں زیرو لائن کے قریب ایک پاکستانی شہری کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

چناب رینجرز کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بدھ کو اجلالا گاؤں کے قریب مقامی کسان زیرو لائن کے نذدیک اپنے کھیتوں میں کام کر رہے تھے، جب غلطی سے تیس سالہ توقیر احمد سرحد کے قریب چلا گیا۔

انڈین فورسز نے بغیر کوئی وارننگ دیتے ہوئے توقیر پر فائرنگ کر دی۔

بعد میں بی ایس ایف کے سپاہی شدید زخمی توقیر کو گھسیٹتے ہوئے انڈین علاقے میں لے گئے اور وہاں اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

چناب رینجرز کا کہنا ہے کہ لاش کو واپس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پاکستان نے بی ایس ایف کی جانب سے اس سنگدلی کے ساتھ اپنے شہری کو گھسیٹ کر سرحد پار لے جانے اور قتل کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

ادھر، دفتر خارجہ نے منگل کو لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزی میں اپنے ایک سویلین کی ہلاکت پر انڈیا سے احتجاج کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ منگل کی شام راولا سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب چری کوٹ گاؤں میں ستر سالہ محمد دین نامی ایک چرواہا انڈین شیلنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں مہینہ کے پہلے ہفتہ سے جاری ایل او سی پر جنگ بندی حالیہ کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے اب تک 13 پاکستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں