ن- لیگ میں فاروڈ بلاک بنتا دیکھ رہا ہوں، قادری

31 اکتوبر 2014
ڈاکٹر طاہر القادری۔ — فائل فوٹو
ڈاکٹر طاہر القادری۔ — فائل فوٹو

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ - ن کے اندر وزیر اعظم کے خلاف فارورڈ بلاک بنتا نظر آ رہا ہے۔

جمعرات کو ڈاکٹر قادری کی کینیڈا میں اوور سیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے ملاقات پر ایک پریس ریلیز جاری کی گئی۔

پریس ریلیز میں ڈاکٹر قادری کے حوالے سے کہا گیا کہ 'اسلام آباد میں 70 دنوں تک دھرنے نے حکمران جماعت کے ارکان اسمبلیوں کو بھی حوصلہ دیا ہے کہ وہ کھلے عام اپنی پارٹی کی غلط پالیسیوں پر بات کریں۔۔۔۔ اور ن لیگ میں ایک 'گو نواز گو' بلاک بن رہا ہے'۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ 'یہ پی اے ٹی ہے جس نے لوگوں کو پُر امن لیکن موثر انداز میں احتجاج کرنا سکھایا اور یہی پارٹی اس تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائے گی'۔

ڈاکٹر قادری کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب حکومت دباؤ میں آنے کے بعد غریبوں کو ریلیف دینے کی باتیں کرتی ہو۔

پی اے ٹی سربراہ نے اوور سیز پاکستانیوں کی ملک میں موجودہ 'ظالمانہ اور کرپٹ ' نظام کو اکھاڑ پھینکنے کی خواہش کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ نظام کے خلاف انقلاب میں دانشوروں، سائنس دانوں، انجینئروں ، ڈاکٹروں، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت اوور سیز پاکستانیوں نے ہر طرح سے اہم کردار ادا کیا۔

پی اے ٹی کی مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایک شیڈول کے مطابق ڈاکٹر قادری سات نومبر کو نیو یارک،آٹھ نومبر ڈلاس اور نو نومبر کو ہیوسٹن میں پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔

اس خطاب میں وہ اوور سیز پاکستانیوں کو پی اے ٹی کے دس نکاتی ایجنڈا پر بریفنگ دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں